

مظفر پور، 6 اپریل (ہ س)۔ بہار کے مظفر پور واقع بہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر (وی سی) کی رہائش گاہ پر گذشتہ دیر رات بم دھماکہ ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق بھیم راؤ امبیڈکر بہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر دنیش چندر رائے کی سرکاری رہائش گاہ کو کل دیر رات نشانہ بنایا گیا۔ اسکوٹر پر سوار نامعلوم شرپسندوں نے وائس چانسلر کی رہائش گاہ کے باہر بم پھینک دیا جس سے پورا علاقہ دہل گیا۔ خوش قسمتی سے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حملہ آوروں نے وائس چانسلر کی رہائش گاہ کے بیرونی کونے پر واقع سیکورٹی گارڈ کے کمرے کو نشانہ بنایا اور بم پھینک دیا۔ زوردار دھماکے سے سیکورٹی اہلکار اور آس پاس کے لوگ دنگ رہ گئے۔ واقعہ کے فوری بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین اور پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق اسکوٹر پر سوار دو نقاب پوش شرپسندوں نے حملہ کیا اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سٹی ڈی ایس پی اور یونیورسٹی تھانہ کی پولیس بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر فرانزک ٹیم کو طلب کر لیا گیا، فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے تاکہ بم کی شدت اور نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔
مظفر پور کے ایس ایس پی کانتیش کمار مشرا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، اسکوٹر پر سوار دو نامعلوم بدمعاشوں نے یونیورسٹی کیمپس میں وائس چانسلر کی رہائش گاہ کے قریب بم پھینکا، اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، پولیس اور فرانزک ٹیمیں تحقیقات کر رہی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ملزمین کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔
اس واقعہ نے یونیورسٹی کیمپس کی سیکورٹی اور پولیس کے کام کاج پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ یونیورسٹی تھانہ بم دھماکے کی جگہ کے بالکل قریب واقع ہے۔ جرائم پیشہ افراد تھانہ کی ناک کے نیچے اتنے بڑے جرم کو انجام دینے میں کامیاب ہو گئے اور فرار ہو گئے جس سے پولیس کی گشت اور چوکسی پر سوال اٹھتے ہیں۔
اس واقعہ سے کیمپس میں رہنے والے طلباء اور عملے میں خوف کا ماحول ہے۔ لوگ سوچتے ہیں کہ اگر وائس چانسلر جیسے اعلیٰ عہدے دار کی رہائش گاہ غیر محفوظ ہے تو عام لوگوں کی حفاظت کا کیا ہوگا؟ فی الحال پولیس مجرموں کی شناخت کے لیے تکنیکی معلومات اور مقامی مخبروں پر انحصار کر رہی ہے۔ دیکھنا ہوگا کہ ہائی پروفائل علاقہ میں دہشت پھیلانے والے یہ جرائم پیشہ کب قانون کی گرفت میں آتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan