
ممبئی ، 6 اپریل (ہ س) ممبئی اینٹی ایکسٹورشن اسکواڈ نے وزیراعظم نریندر مودی کے نام پر فرضی گریٹنگ کارڈ بھیج کر ایک خاتون سوشل ورکر سے بھتہ طلب کرنے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت توصیف حسین اسماعیل پٹیل اور سدھیناتھ دیناناتھ پانڈے عرف سنیل کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس افسر نے بتایا کہ شکایت کنندہ ایک سوشل ورکر ہیں جو اپنی ایک تنظیم چلاتی ہیں۔ انہوں نے اپنی شکایت میں کہا کہ کچھ دن قبل ان کی ملاقات توصیف اور فرناز واڈیا سے ہوئی تھی، جنہوں نے انہیں وزیراعظم کے نام سے گریٹنگ کارڈ دلوانے کا وعدہ کیا تھا۔
اس کے بعد 20 مارچ کو شکایت کنندہ کو وزیراعظم کے نام سے ایک گریٹنگ کارڈ دیا گیا، جس میں انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی گئی تھی اور ان کے سماجی کاموں کی تعریف کی گئی تھی۔ تاہم جب انہوں نے یہ کارڈ اپنے ساتھیوں کو دکھایا تو معلوم ہوا کہ یہ جعلی ہے۔
اسی دوران دونوں ملزمان نے اس گریٹنگ کارڈ کے بدلے چار لاکھ روپے کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا، جس پر خاتون نے پولیس سے رجوع کیا۔ اور کارروائی کرتے ہوئے ورلی علاقے کے ایک ہوٹل میں جال بچھایا اور دونوں ملزمان کو تاوان کی رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
پولیس اب یہ بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا ملزمان نے اسی طریقے سے دیگر افراد کو بھی وزیراعظم کے نام پر جعلی گریٹنگ کارڈ دے کر دھوکہ دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
---------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے