
موریگاوں (آسام)، 06 اپریل (ہ س)۔ پیر کی صبح موریگاوں ضلع کے موئیرا باڑی علاقے میں واقع دریائے برہم پترا پر بھجاکھیتی گھاٹ کے قریب ایک کشتی ڈوب گئی۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ حادثے کے بعد سے تین افراد لاپتہ ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں تیز ہوائیں چلیں جس کے باعث کشتی اپنا توازن کھو بیٹھی اور دریا کے درمیان میں ڈوب گئی۔ اطلاعات کے مطابق اب تک تقریباً 15 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔
ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیموں اور ویلگوری پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں کے ساتھ اس وقت ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تاہم تین لاپتہ افراد میں سے کسی کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کشتی 'چر' کے علاقے (دریائی جزیرے کے علاقے) سے سفر کر رہی تھی۔ کشتی ساحل تک پہنچنے سے پہلے ہی الٹ گئی اور دریا میں ڈوب گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ دریں اثناءپولیس کو فوری طور پر واقعہ کی اطلاع دی گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی