
واشنگٹن،05اپریل(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں گرنے والے ایف 15 طیارے کے ویپن آفیسر کو بازیاب کروانے کی تصدیق کر دی۔ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چند گھنٹوں کے دوران امریکی فوج نے امریکی تاریخ کا سب سے جراتمندانہ ریسکیو آپریشن کیا۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں درجنوں طیارے اور جدید ہتھیار استعمال کیے گئے، زخمی افسر کی حالت خطرے سے باہر ہے، ایک روز قبل ایک اور امریکی پائلٹ کو بھی خفیہ طور پر ریسکیو کیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دشمن کے علاقے میں 2 الگ الگ کامیاب ریسکیو آپریشنز پہلی بار انجام دیے، ایرانی فضاو¿ں پر مکمل برتری حاصل ہے، یہ کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کی فوج دنیا کی سب سے مضبوط اور پیشہ ور فوج ہے، ہم جنگ لڑنے والے کسی امریکی کو پیچھے نہیں چھوڑیں گے، اس وقت تمام امریکیوں، ریپبلیکنز اور ڈیموکریٹس کو متحد ہونا چاہیے۔
دوسری جانب امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں گرائے گئے امریکی لڑاکا طیارے کا دوسرا پائلٹ امریکی ٹیموں کو مل گیا۔قطری ٹی وی کو امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ایف پندرہ طیارے کے ویپن سسٹم آفیسر کی تلاش کے دوران شدید جھڑپ ہوئی، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔امریکی ٹیمیں ایران سے محفوظ طور پر نکلنے کی کوششیں کررہی ہیں۔علاوہ ازیں روسی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک اور امریکی ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا، ہیلی کاپٹر گرنے کی مشتبہ ویڈیو جاری کر دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan