
حیدرآباد ، 5 اپریل (ہ س) ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں کمشنر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد آروی کرنن کی نگرانی میں گوشہ محل ، جامباغ ، محبوب چوک ، مدینہ بلڈنگ ، حسینی علم، پرانا پل کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر فٹ پاتھ پر قبضہ جات کو برخواست کرنے کی مہم کا آغاز کیاگیا ہے۔ قبل ازیں شاستری پورم کے علاقہ میں حیڈرا کی نگرانی میں کی گئی بڑے پیمانے پرانہدامی کاروائی کے بعد اب شہرمیں فٹ پاتھ اورسڑکوں پر کئے جانے والے قبضہ جات کی برخواستگی کے نام پرپرانے شہر کے مختلف علاقوں میں چھوٹے تاجرین کوبے روزگار کرنے کے ساتھ ساتھ رات دیر گئے پرانے شہر کے اہم تجارتی مراکز، پٹیل مارکٹ میں بڑے پیمانے پر انہدامی کاروائی کے ذریعہ دکانات کے سامنے موجود چبوتروں اورسائبان کو پوری طرح سے منہدم کردیا گیا۔ پرانے شہر کے علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں کے دوران بلڈوزرکاروائیوں کا یہ نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جو کہ عوام کے حقوق کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ جامع مسجد چوک کے روبروموجود محبوب چوک پارک کے اطراف موجود چھوٹے تاجرین کو مکمل طور پربرخواست کرنے کی کاروائی کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے صبح کی اولین ساعتوں میں 4 بجے سے مدینہ بلڈنگ پٹیل مارکٹ میں موجود زائد از400 دکانات کے سائبان اور چبوتروں کو پوری طرح سے منہدم کردیا اس کے بعد اس کاروائی کو جاری رکھتے ہوئے محبوب چوک کے علاقہ میں جامع مسجد چوک کے روبرو ’باغ‘ کے اطراف چھوٹی دکانات کو بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کردیا گیا اوران تاجرین کواپنے سامان کی منتقلی کا موقع تک فراہم نہیں کیاگیا۔ بعد ازاں جی ایچ ایم سی کی نگرانی میں محبوب چوک تا پرانا پل براہ حسینی علم سڑک کے دونوں جانب قبضہ جات کے خاتمہ اورانہیں برخواست کرنے کی کاروائی انجام دی گئی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق