
ممبئی ، 5 اپریل (ہ س) ۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ ناسک کمبھ میلہ 2026 کے لیے ریاستی حکومت 35 ہزار کروڑ روپے خرچ کرے گی اور اسے شاندار اور روحانی طور پر عظیم بنانے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے یہ بات ناسک میں منعقدہ آل انڈیا سنت سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے کمبھ میلے کے لیے 35 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا روڈ میپ بھی پیش کیا۔فڑنویس نے کہا کہ کمبھ میلے میں آنے والے عقیدت مندوں کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور اگرچہ ناسک میں جگہ محدود ہے، اس کے باوجود زیادہ سے زیادہ انتظامات کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے تریَمبکیشور میں سنتوں اور مہنتوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سناتن ثقافت کے تحفظ پر زور دیا اور کہا کہ کئی حملوں کے باوجود یہ روایت آج بھی قائم ہے، جبکہ مہاراشٹر کی وارکری روایت اس کی زندہ مثال ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کمبھ میلے کے لیے سڑک، ریل اور ہوائی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ گوداوری ندی کی صفائی کے لیے مضبوط اقدامات کیے جائیں گے اور تریَمبکیشور میں سال بھر پانی کی روانی برقرار رکھنے پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سادھوگرام کے لیے اب تک کسانوں سے زمین کرایہ پر لی جاتی تھی، تاہم اب حکومت نے اس زمین کو براہ راست خریدنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بہتر انتظامات ممکن بنائے جا سکیں۔فڑنویس نے کہا کہ سنتوں کے افکار نہ صرف دل بلکہ روح کو بھی پاک کرتے ہیں اور کمبھ میلہ اسی روحانی روایت کا اہم حصہ ہے، اسی لیے حکومت اسے شاندار اور یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے