

اشوک نگر، 05 اپریل (ہ س)۔
مرکزی وزیر برائے مواصلات اور ترقی شمال مشرقی خطہ جیوتی رادتیہ سندھیا نے اتوار کو مدھیہ پردیش کے اشوک نگر ضلع کے عیسیٰ گڑھ میں منعقدہ عوامی سماعت (جن سنوائی) پروگرام میں عام لوگوں کے مسائل سنے۔ اس دوران انہوں نے تقریباً ڈھائی سے تین گھنٹے میں خود 950 درخواستیں وصول کیں، جن میں سے 280 معاملات کا موقع پر ہی تصفیہ کیا، جبکہ بقیہ 670 معاملات کے جلد حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
عوامی سماعت کے دوران عیسیٰ گڑھ کی پرینکا کو دہلی پولیس میں بھرتی کے لیے ضروری ذات کا سرٹیفکیٹ فوری طور پر فراہم کرایا گیا، وہیں ایک مستحق فائدہ اٹھانے والے کو وزیراعظم رہائشی اسکیم (پی ایم آواس یوجنا) کا فائدہ دلایا گیا۔ اس کے علاوہ وراثتی انتقالِ اراضی (فوتی نامانترن)، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، امدادی رقم اور دیگر ضروری دستاویزات سے متعلق معاملات کا بھی موقع پر تصفیہ کیا گیا، جس سے عام لوگوں میں اطمینان اور اعتماد کی فضا قائم ہوئی۔
پروگرام کے دوران ٹوکن سسٹم کے ذریعے درخواستوں کی ترتیب وار رجسٹریشن کی گئی، جس سے ہر درخواست گزار کو منظم طریقے سے اپنی بات رکھنے کا موقع ملا۔ مرکزی وزیر سندھیا نے حکام کو ہدایت دی کہ ہر معاملے کا تصفیہ کیا جائے اور جس کا حل نہ ہو سکے اس کی وجہ پیش کی جائے۔ عوامی فلاحی اسکیموں کا فائدہ پہنچانے پر زور دیتے ہوئے پروگرام میں آیوشمان بھارت اسکیم، بی پی ایل کارڈ، لاڈلی لکشمی اسکیم، ماتر شکتی اسکیم سمیت مختلف اسکیموں سے متعلق درخواستوں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ کئی معاملات میں موقع پر ہی مستحقین کو اسکیموں کا فائدہ دلایا گیا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومتی اسکیموں کا مقصد آخری صف کے شخص تک فائدہ پہنچانا ہے، جسے ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
قابلِ ذکر ہے کہ مرکزی وزیر نے گزشتہ سال عوامی سماعت کے اس موثر پہل کا آغاز کیا تھا۔ اب اس کا دوسرا مرحلہ چل رہا ہے جس میں آج پانچویں عوامی سماعت کی گئی۔ اس سے قبل اپنے پارلیمانی حلقے کے گزشتہ دورے پر مارچ میں مرکزی وزیر نے میانا اور بجرنگ گڑھ میں عوام کے ہزاروں مسائل حل کیے تھے۔ اس قیام کے دوران گزشتہ دنوں انہوں نے پپرائی اور کچنار میں عوامی سماعت کی اور یہ سلسلہ آج چندیری اسمبلی کے عیسیٰ گڑھ پہنچا۔ پہلے رجسٹریشن اور آن لائن ٹریکنگ کے ذریعے مرکزی وزیر نے یقینی بنایا ہے کہ وہ علاقے کے ہر فرد تک پہنچ سکیں اور ان کی ہر ممکن مدد کر سکیں۔
حکومت کی ہدایات کے مطابق ضلع میں جاری ’جل گنگا سنوردھن ابھیان‘ (آبی ذخائر کے تحفظ کی مہم) کے نفاذ کے لیے مرکزی وزیر برائے مواصلات اور ترقیِ شمال مشرقی خطہ جیوتی رادتیہ سندھیا نے اتوار کو عیسیٰ گڑھ کی قدیم پھونک باوڑی اور قلعے پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ انہوں نے معائنے کے دوران آبی مہم کے تحت کی گئی صفائی ستھرائی کے کام کی تعریف کی۔ انہوں نے میونسپل کونسل کو یقین دلایا کہ اس خوبصورت باوڑی کی تصدیق اور معائنہ حکومتِ ہند کی ٹیم سے کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قدیم وراثتوں کی چندیری کی طرح عیسیٰ گڑھ میں بھی تزئین و آرائش کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن