
تہرانواشنگٹن،05اپریل(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ ایران کے دارالحکومت تہران پر ہونے والے ایک ’بڑے حملے‘ کی ہے۔صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں ’ایران کے بہت سے فوجی رہنما جنھوں نے ملک کی ناقص اور غیر دانشمندانہ قیادت کی ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں رات کے وقت میں بڑے دھماکے ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ ویڈیو کہاں اور کب ریکارڈ کی گئی ہے۔امریکی حکام کی جانب سے اس بارے میں مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے جبکہ تہران نے بھی تاحال ٹرمپ کے دعووں پر کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے اصفہان میں ایک ایم-کیو 9 جاسوس ڈرون طیارہ گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون کو ’آئی آر جی سی کے جدید ایرو سپیس ڈیفنس سسٹم اور ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے ذریعے مار گرایا گیا ہے۔
دو روز پہلے بھی آئی جی آر سی نے اصفہان میں ہی دو ایم کیو9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔جمعے کے روز ایرانی فوج کے محکمہ دفاع نے جنوبی ایران میں ایک ایف-15 اے طیارے اور آبنائے ہرمز پر اے-10 وارتھوگ لڑاکا طیارہ گرانے کا اعلان کیا تھا۔ایران اور امریکہ کے درمیان ایف 15 طیارے کی تباہی کے بعد اس کے ایک کریو ممبر کی تلاش کے لیے دوڑ جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan