
احمد آباد، 05 اپریل (ہ س)۔ گجرات ٹائٹنز کے قائم مقام کپتان راشد خان نے ہفتہ کو راجستھان رائلز کے خلاف انڈین پریمیئر لیگ کے مقابلے میں لگاتار دوسری شکست پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ درمیانی اوورز میں لگاتار وکٹیں گرنے سے ٹیم کا تسلسل ٹوٹ گیا۔ راشد نے یہ بھی کہا کہ ٹورنامنٹ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور ٹیم اپنی غلطیوں سے سبق لیکر اگلے میچ میں مضبوط واپسی کرے گی۔
باقاعدہ کپتان شبھمن گل پٹھوں میں کھچاو کی وجہ سے اس میچ میں نہیں کھیل سکے، ان کی جگہ راشد خان نے ٹیم کی کمان سنبھالی۔
میچ کے بعد راشد نے کہا کہ ہم نے اچھی گیندبازی کی، خاص طور پر جس طرح انہوں نے شروعات کی تھی، اس کے باوجود انہیں تقریباً 210 کے اندر روکنا ایک بہترین کوشش تھی۔ پھر ہم نے بلے بازی میں بھی اچھی شروعات کی۔ اوپری آرڈر کے بلے بازوں نے ہمیں بہترین آغاز دیا۔ لیکن 12 ویں اور 13 ویں اوور میں ہم نے لگاتار وکٹیں گنوا دیں۔ اس سے ہم نے میچ میں اپنی لے کھو دی۔
مجھے لگتا ہے کہ اس طرح کی وکٹ پر 10-9 رن فی اوور بنانا کوئی بہت مشکل کام نہیں ہے۔ لیکن اس وقت ہم تھوڑا لے کھو بیٹھے اور طویل عرصے تک جارحانہ نہیں کھیل سکے۔ اس وکٹ پر باونڈری آسانی سے مل رہی تھیں، لیکن اس دوران جلدی جلدی وکٹیں گرنے سے ہم آخر تک تسلسل برقرار نہیں رکھ سکے۔
آخری اوور کے بارے میں راشد نے کہا کہ ہمیں بس ایک باونڈری چاہیے تھی۔ اگر وہ مل جاتی، تو زیادہ باؤنڈری کی ضرورت نہیں رہتی۔ لیکن تشار نے بہت اچھی گیندبازی کی۔ انہوں نے کچھ بہترین یارکر ڈالے، جس سے ہمیں موقع نہیں ملا۔
میچ کی بات کریں تو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں راجستھان رائلز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 06 وکٹوں پر 210 رن بنائے۔ یشسوی جیسوال (55) اور دھرو جریل (75) نے نصف سنچریاں بنائیں، جبکہ ویبھو رگھوونشی نے 31 رن کی تیز اننگز کھیلی۔
جواب میں گجرات ٹائٹنز کا آغاز اچھا رہا۔ سائیں سدرشن نے 73 رن کی شاندار اننگز کھیلی، لیکن مڈل آرڈر میں گلین فلپس (03)، واشنگٹن سندر (04)، راہل تیوتیا (12) اور شاہ رخ خان (11) کی وکٹیں جلدی گر گئیں۔
آخر میں راشد خان (24) اور کگیسو رباڈا (ناٹ آوٹ 23) نے تیز رن بنا کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ آخری اوور میں گجرات کو جیت کے لیے 11 رن بنانے تھے، لیکن وہ 04 رن ہی بنا سکی۔ اس طرح ٹیم 20 اوور میں 08 وکٹوں پر 204 رن تک ہی پہنچ پائی اور 06 رن سے مقابلہ ہار گئی۔ گجرات کا اگلا میچ دہلی کیپیٹلز سے ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن