
نئی دہلی، 5 اپریل (ہ س)۔
مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ نے قومی بحری دن کے موقع پر تمام بحری اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ان اہلکاروں کی پیشہ ورانہ قابلیت، ہمت اور لگن نے ہندوستان کی ترقی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس' پر اپنے پیغام میں بحریہ کے اہلکاروں کی بے مثال ہمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ہر حال میں، چاہے وہ امن کے وقت میں ہو یا بحران کے وقت میں اپنے فرائض سرانجام دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان کے جذبہ خدمت اور لگن کو سلام پیش کرتی ہے۔
امت شاہ نے اپنے پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستان کے سمندری شعبے کو مضبوط بنانا ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندری راستے عالمی تجارت میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی شرکت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس سے ملک کی معیشت کو تقویت ملتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ قومی بحری دن ہر سال 5 اپریل کو منایا جاتا ہے۔اس دن 1919 میں ہندوستانی جہاز ایس ایس لائلٹی نے ممبئی سے لندن تک اپنے تاریخی سفر کا آغاز کیا تھا، جسے ہندوستان کی سمندری تجارت کا آغاز سمجھا جاتا ہے۔
آج، ہندوستان کی غیر ملکی تجارت کا تقریباً 90 فیصد (حجم کے لحاظ سے) اور 70 فیصد (قیمت کے لحاظ سے) سمندری راستوں سے ہوتا ہے۔ ملک میں 7,500 کلومیٹر سے زیادہ ساحلی پٹی، 12 بڑی بندرگاہیں، اور 200 سے زیادہ چھوٹی اور درمیانی بندرگاہیں ہیں، جو تجارت، رسد اور اقتصادی ترقی کو مسلسل آگے بڑھا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ