
حیدرآباد ، 5 اپریل (ہ س) ۔
کانگریس کے سینئرقائد ڈی سنجے کو پارٹی قیادت کی جانب سے مناسب مقام نہ دئیے جانے پران کے حامیوں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ کانگریس ہائی کمان سے انصاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے حامیوں کی جانب سے آج نظام آباد گاندھی چوک پربڑے پیمانے پر بھوک ہڑتال کرتے ہوئے کانگریس اعلیٰ قیادت کے خلاف نعرہ بازی کی اورسنجے کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ احتجاجی پروگرام مقامی سیاست میں موضوع بحث بن گیا ہے۔ضلع صدراورکانگریس کے دیگرقائدین و کارکنان نے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے پلے کارڈس کے ذریعہ اپنے مطالبات پیش کیے۔ مظاہرین نے کہا کہ دھرماپوری سنجے کو نظراندازکرنا ناانصافی ہے اورپارٹی کو ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں مناسب مقام فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔حامیوں نے الزام عائد کیا کہ دھرماپوری سرینواس کے وارث کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے اور حالیہ دورہ کے دوران وزیراعلی ریونت ریڈی نے جو یقین دہانی کرائی تھی، اسے نظر اندازکردیا گیا ہے۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک دھرماپوری سنجے کو مناسب اہمیت نہیں دی جاتی، ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اس بات کی اطلاع ملنے پرسٹی کارپوریشن ٹاؤن کانگریس صدر بوبلی راماکرشنا نے مداخلت کرتے ہوئے احتجاج ختم کروادیا۔ انہوں نے دھرنا کیمپ کا دورہ کرکے مظاہرین سے بات چیت کی اورانہیں یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی میں تمام طبقات کے ساتھ مساوی انصاف کیاجاتا ہے۔ اس لیے تمام کارکنان کو متحد ہوکر پارٹی کے حق میں کام کرنا چاہیے اور کسی بھی قسم کی مخالف سرگرمیوں سے گریز کرناچاہیے۔کانگریس حکومت کے قیام اورنظام آباد اربن حلقہ سے کانگریس امیدوارکی کامیابی کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے۔ ان کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کردی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق