
نوی ممبئی ، 5 اپریل (ہ س) نوی ممبئی کے کلمبولی علاقے میں عبدالرشید عرف باباجان نامی ایک جعلی بابا کے خلاف خواتین کو کالا جادو ختم کرنے کے بہانے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دو خواتین کی شکایت کے بعد یہ معاملہ سامنے آیا ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے مذہبی باتیں کرتا اور پھر انہیں اپنے جال میں پھنسا لیتا تھا۔
ملزم خواتین کو مالی، سماجی، جسمانی اور ازدواجی مسائل حل کرنے کا جھانسہ دے کر تنہائی میں بلاتا اور انہیں “کالا جادو ختم کرنے” کے نام پر رات کے وقت رسومات کے لیے مجبور کرتا تھا، اس دوران انہیں کپڑے اتارنے پر بھی مجبور کیا جاتا اور انکار کی صورت میں جان سے مارنے اور جادو کے اثرات بڑھانے کی دھمکیاں دی جاتی تھیں۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے خالاپور میں ایک شادی شدہ خاتون کو فارم ہاؤس لے جا کر زیادتی کی، جبکہ سانتا کروز میں ایک ماں اور بیٹی کے ساتھ بھی زیادتی اور قتل کی کوشش کا الزام ہے، جس پر اس کے خلاف سنگین مقدمات درج کر کے اسے گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گزشتہ کئی برسوں سے لوگوں کو دھوکہ دے رہا تھا اور نہ صرف خواتین بلکہ مردوں سے بھی بڑی رقم وصول کی گئی ہے، جبکہ مزید کئی خواتین کے متاثر ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم نے اپنے خاندان کے ساتھ فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
اس معاملے میں مسلم ستیہ شودھک منڈل نے متاثرہ خواتین کو سامنے آنے اور شکایت درج کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے جعلی باباؤں کو کسی بھی سیاسی سرپرستی سے دور رکھا جائے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے اور پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے