
علی گڑھ, 05 اپریل (ہ س)علی گڑھ میں بڑھتی ہوئی شور آلودگی اور سڑک حادثات کو روکنے کے لیے پولیس نے موڈیفائیڈ سائلنسر کے خلاف مہم چلائی۔ یہ کارروائی سی او سٹی سیکنڈ اور سی او سٹی تھرڈ کی قیادت میں تھانہ بنا دیوی اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے انجام دی۔کارروائی کے دوران تھانہ گاندھی پارک علاقے کے شاہ جمال مارکیٹ میں دکانوں پر رکھے 22 ؍موڈیفائیڈ سائلنسر ضبط کیے گئے۔ وہیں سڑک پر چیکنگ کے دوران6 ؍موٹر سائیکلیں بھی سیز کی گئیں، جن میں تیز آواز والے پریشر ہارن لگے ہوئے تھے۔ ٹریفک پولیس کے افسر نے بتایا کہ موڈیفائیڈ سائلنسر والی بائیکیں پٹاخوں جیسی تیز آواز پیدا کرتی ہیں، جس سے راہگیر اور دوسرے ڈرائیور اچانک گھبرا جاتے ہیں۔ اس وجہ سے سڑک حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ سائلنسر شور آلودگی پھیلاتے ہیں اور عام لوگوں کے لیے ذہنی پریشانی اور سماجی مسائل کا باعث بنتے ہیں۔ سی او سوم سروم سنگھ نے کہا کہ موڈیفائیڈ سائلنسر لگانا اور فروخت کرنا موٹر وہیکل قانون کے تحت قابل سزا جرم ہے۔ مکینکوں اور دکانداروں کو سختی سے خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہیں، ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ