
لداخ، 05 اپریل (ہ س)۔
مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں سیاحتی سیزن کے پیشِ نظر فضائی رابطے کو فروغ دینے کے لیے لیہہ ایئرپورٹ پر پروازوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر وِنئے کمار سکسینہ نے اتوار کو اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ پروازوں کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر 18 کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی مزید دو پروازیں بھی شروع ہونے والی ہیں، جس سے سیاحوں کو سفر کی منصوبہ بندی میں مزید سہولت میسر آئے گی۔ سکسینہ نے کہا کہ یہ اضافہ لداخ میں سیاحوں کی آمد کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مطابق، 2 اپریل تک لیہہ ایئرپورٹ دہلی، ممبئی، سرینگر اور چندی گڑھ جیسے بڑے شہروں کے ساتھ بہتر فضائی رابطے سے جڑ چکا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید بہتری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پروازوں میں اضافے سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور لداخ ایک اہم اور پسندیدہ سیاحتی مرکز کے طور پر ابھرے گا۔انہوں نے سیاحوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سیزن میں لداخ کا رخ کریں اور یہاں کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہوں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر