
علی گرھ، 04 اپریل (ہ س)۔ ویمنس پولی ٹیکنک نے طالبات میں کاروباری مزاج اور مہارتوں کے فروغ کے لیے ’انٹرپرینیوریل مائنڈسیٹ‘ کے موضوع پر ایک ورکشاپ پرنسپل ڈاکٹر سلمیٰ شاہین کی نگرانی میں منعقد کی، جس میں انجینئرنگ اور غیر انجینئرنگ شعبوں کی طالبات نے شرکت کی۔ شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر صہیب مسعود نے خصوصی مقرر پروفیسر آسیہ چودھری (شعبہ کامرس، اے ایم یو) کا تعارف کرایا اور ان کی تعلیمی و انتظامی خدمات پر روشنی ڈالی۔
اپنے خطاب میں پروفیسر چودھری نے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کاروباری سوچ اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے انٹرپرینیورشپ کے مختلف پہلوؤں جیسے ہیومن ریسورس مینجمنٹ، مالیات اور بزنس پلاننگ پر تفصیل سے گفتگو کی اور کامیاب کاروباری مثالوں کے ذریعے اپنے نکات کو واضح کیا۔ انہوں نے عملی پہلوؤں کی وضاحت اور طالبات کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ایک انٹرایکٹیو بزنس سرگرمی بھی منعقد کرائی۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر آصفہ عشرت نے کی، جبکہ شریک کنوینر ڈاکٹر شیبا منظور نے اظہارِ تشکر کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ