
علی گرھ، 04 اپریل (ہ س)۔ گلوریئس انٹر کالج میں سالانہ امتحانات کے بعد انعامات کی تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں پری نرسری سے لے کر گیارہویں جماعت تک کے ان طلبہ کو اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے اپنی کلاس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی ایڈوکیٹ امیش پاٹھک، صدر بار ایسوسی ایشن علی گڑھ تھے، جبکہ خصوصی مہمانوں میں انتمی کمار منڈل (صدر وی وی سنگٹھن)، نوشاد قریشی (سینئر کانگریس لیڈر) اور مسعود خان (صدر عیدگاہ کمیٹی) شامل تھے۔تقریب کی نظامت سماجی کارکن گلزار احمد نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ گلوریئس پبلک اسکول کی بنیاد 2002 میں شہر مفتی عبدالقیوم صاحب کے ہاتھوں رکھی گئی تھی اور 2003 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر نسیم احمد نے اس کا افتتاح کیا۔ ابتدا میں 200 طلبہ سے شروع ہونے والا یہ ادارہ آج 2000 سے زائد طلبہ کو تعلیم فراہم کر رہا ہے اور اب گلوریئس انٹر کالج کی شکل میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسکول کے بانی اور منیجر فرحت علی خان نے اس ادارے کی شروعات شاہ جمال علاقے میں اس مقصد کے تحت کی تھی کہ غریب اور تعلیم سے محروم طبقے کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔مہمانِ خصوصی امیش پاٹھک نے کہا کہ معاشرے میں سب سے بڑا کام غریب اور پسماندہ طبقات خصوصاً خواتین کو تعلیم دینا ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں زیادہ تر کلاسوں میں طالبات نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اب والدین بیٹیوں کی تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔
نوشاد قریشی نے کہا کہ یہ ادارہ غریب طبقے کو تعلیم دے کر علاقے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور فرحت علی خان کا یہ قدم قابلِ ستائش ہے۔ مہمان خصوصی انتمی کمار منڈل نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جو بچے آج اپنی کلاس میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں، وہ مستقبل میں شہر اور ریاست کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر طالب علم کی کوشش ہونی چاہیے کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرے۔پروگرام میں ان تمام طلبہ کو اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے اپنی کلاس میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر فرحت علی خان، معین قریشی، ندیم احمد، ازہر احمد، ہارون (کونسلر)، راجا (کونسلر)، زاہد احمد سمیت علاقے کے معزز افراد اور اسکول کا تمام عملہ موجود تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ