
محکمہ ہینڈی کرافٹس کے ساتھ 4.46 لاکھ سے زائد کاریگر اور بنکر رجسٹرڈ ہیں ۔ حکومت جموں و کشمیر
جموں، 03 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر حکومت نے اسمبلی میں بتایا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے محکمہ ہینڈی کرافٹس کے ساتھ 4.46 لاکھ سے زائد کاریگر اور بنکر رجسٹرڈ ہیں، جبکہ مالی معاونتی اسکیموں کے تحت قرضوں کی عدم ادائیگی کی شرح نہایت کم ہے۔ حکومت نے یہ معلومات رکن اسمبلی تنویر صادق کے سوال کے جواب میں فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کاریگروں اور بنکروں کو زیادہ تر کریڈٹ کارڈ اسکیم برائے آرٹیزنز و ویورز اور پردھان منتری ویورز مدرا اسکیم کے تحت مالی مدد دی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، 22-2021 سے 26-2025 کے درمیان کریڈٹ کارڈ اسکیم کے تحت 13,793 کیسوں کو منظوری دی گئی، جن کے تحت 17,145.36 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ جبکہ مدرا اسکیم کے تحت 3,305 کیس منظور ہوئے، جن میں 2,811.76 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔
حکومت نے بتایا کہ قرضوں کی صورتحال مستحکم ہے اور مالی سال کی تیسری سہ ماہی تک صرف 156 کیس نان پرفارمنگ اثاثوں کے طور پر درج ہوئے ہیں۔ زیادہ تر مستفیدین باقاعدگی سے قرض ادا کر رہے ہیں، جبکہ کسی مخصوص شعبے کے لیے قرض معافی یا رائٹ آف نہیں دیا گیا۔ حکومت کے مطابق، 2014 کے سیلاب اور کویڈ-19 وبا جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سال 2020 میں وول پروسیسنگ، ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹس پالیسی متعارف کرائی گئی، جس میں ہنر مندی، بنیادی ڈھانچے، مارکیٹ تک رسائی اور مالی مراعات پر توجہ دی گئی۔ اس پالیسی کے تحت کوآپریٹو سوسائٹیز اور سیلف ہیلپ گروپس کی معاونت، کارخندار اسکیم، بنکروں کے لیے مدرا امداد اور کاریگروں کے بچوں کے لیے تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
حکومت نے عالمی بینک کی مدد سے جاری جہلم و تاوی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت کاریگروں کے لیے کلسٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ روزگار کے مواقع کو مستحکم بنایا جا سکے۔ مارکیٹ تک رسائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ قومی سطح کے تجارتی میلوں میں شرکت 2024-25 میں 11 سے کم ہو کر 2025-26 میں 6 رہ گئی، تاہم فروخت تقریباً دوگنی ہو کر 793.23 لاکھ روپے سے بڑھ کر 1,520.74 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔
دریں اثنا، محکمہ کی جانب سے منعقدہ بائر-سیلر میٹنگز اور نمائشوں کی تعداد 4 سے بڑھ کر 6 ہو گئی، جہاں فروخت میں معمولی اضافہ ہو کر 189.19 لاکھ روپے ہوئی جبکہ ممکنہ خریداروں کی تعداد دوگنی سے زیادہ ہو کر 2,202 تک پہنچ گئی۔ حکومت نے کہا کہ جاری تشہیری مہمات اور مرکزی اسکیموں کے تحت مالی انعامات اور پنشن جیسے اقدامات کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مارکیٹ تک رسائی کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ہینڈی کرافٹس شعبے کو مضبوط بنانا ہے جو خطے میں روزگار کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر