
نئی دہلی، 29 اپریل (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار میں آج ابتدائی کاروبار کے دوران مضبوطی کا رجحان نظر آ رہا ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات بھی اضافے کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے بعد کچھ دیر تک خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان معمولی رسہ کشی بھی ہوئی، جس کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کی چال میں معمولی اتار چڑھاو بھی ہوتا رہا۔ حالانکہ پہلے 20 منٹ کے کاروبار کے بعد ہی خریداروں نے خریداری کا زور بنا دیا، جس سے ان دونوں انڈیکس کی مضبوطی مسلسل بڑھنے لگی۔ صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس اور نفٹی 0.76 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ آج صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد شیئر بازار کے سرکردہ شیئروں میں سے ماروتی سوزوکی، آئی ٹی سی، آئیشر موٹرز، میکس ہیلتھ کیئر اور ٹیک مہندرا کے شیئر 4.14 فیصد سے لے کر 1.73 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب، جے ایس ڈبلیو اسٹیل، ہنڈالکو انڈسٹریز، ٹاٹا اسٹیل، ایشین پینٹس اور آئی سی آئی سی آئی بینک کے شیئر 1.89 فیصد سے لے کر 0.75 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں شیئر بازار میں 2,617 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہو رہی تھی۔ ان میں سے 1,942 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے، جبکہ 675 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 20 شیئر خریداری کی حمایت سے سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب 10 شیئر فروخت کے دباو میں سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 35 شیئر سبز نشان میں اور 15 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آ رہے تھے۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس آج 358.92 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ 77,245.83 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار کی شروعات ہونے کے بعد کچھ دیر تک اس انڈیکس کی چال میں اتار چڑھاو ہوتا رہا۔ فروخت کے دباؤ میں یہ انڈیکس 77,136.20 کی سطح تک بھی آیا، لیکن سرخ نشان تک پہنچنے سے پہلے ہی خریداروں نے مورچہ سنبھال لیا۔ پہلے 20 منٹ کے کاروبار کے بعد ہی خریداری کا زور بننے سے اس انڈیکس کی چال میں تیزی آگئی۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 583.26 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 77,470.17 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے آج 101.20 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 24,096.90 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلنے کے بعد فروخت کا دباو بننے پر یہ انڈیکس 24,059.95 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔ اس کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کر دی، جس سے اس انڈیکس کی چال میں دوبارہ تیزی آگئی۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد نفٹی 181.55 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ 24,177.25 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن