
واشنگٹن، 28 اپریل (ہ س)۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اس وقت سنگین بحران سے گزر رہا ہے اور ”تباہی کے دہانے“ پر پہنچ چکا ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ایران نے امریکہ کو اشارہ دیا ہے کہ وہ مشکل حالات کا سامنا کر رہا ہے اور جلد سے جلد آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا چاہتا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق، ایران اس وقت اپنی اندرونی قیادت کے بحران کو حل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ موجودہ صورتحال چیلنجنگ ضرور ہے لیکن وہ پر امید ہیں کہ ایران اس دور سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے گا۔ ان کے اس بیان کو علاقائی کشیدگی کے درمیان ایک اہم اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی سپلائی، تیل اور گیس کو دنیا کے بڑے حصوں تک پہنچانے کا ایک بڑا راستہ ہے۔ اس راستے میں کسی قسم کی رکاوٹ بین الاقوامی منڈیوں کو براہ راست متاثر کرتی ہے۔ حالیہ پیش رفت کی وجہ سے اس آبی گزرگاہ میں آمد ورفت متاثر ہونے سے توانائی کی قیمتوں میں بھی اتار- چڑھاو¿ دیکھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل، میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ایران نے جنگ کے خاتمے اور سمندری ناکہ بندی ختم کرنے کی شرط پر آبنائے کو کھولنے کی پیشکش کی تھی۔ ٹرمپ کا بیان اس سمت میں ممکنہ سفارتی سرگرمی کی نشاندہی کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد