امریکی صدر ٹرمپ ایران کی جنگ بندی تجویز سے متفق نہیں
واشنگٹن،28اپریل(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کی گئی حالیہ تجویز پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اس پیشکش کو مکمل طور پر مسترد تو نہیں کیا، تاہم ایرانی قیادت کی نیت پر عدم اعتما
امریکی صدر ٹرمپ ایران کی جنگ بندی تجویز سے متفق نہیں


واشنگٹن،28اپریل(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کی گئی حالیہ تجویز پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اس پیشکش کو مکمل طور پر مسترد تو نہیں کیا، تاہم ایرانی قیادت کی نیت پر عدم اعتماد ظاہر کیا ہے۔’وال اسٹریٹ جرنل ‘اور ’نیویارک ٹائمز‘کے مطابق ٹرمپ اس تجویز سے مطمئن نہیں ہیں۔

خبر رساں ادارے’رائٹرز‘ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ کو ایرانی منصوبے پر اس لیے بھی اعتراض ہے کیونکہ اس میں تہران کے جوہری پروگرام کا کوئی ذکر شامل نہیں۔ عہدیدار کے بقول ''وہ اس تجویز کو پسند نہیں کرتے۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی منصوبے میں آبنائے ہرمز کو کھولنے اور جنگ ختم کرنے کی تجویز شامل ہے، جبکہ جوہری پروگرام پر مذاکرات بعد میں مرحلہ وار شروع کرنے کی بات کی گئی ہے۔ایرانی ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یہ منصوبہ اسلام آباد میں پیش کیا، جس میں ابتدائی طور پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے خاتمے اور آئندہ جنگ نہ چھیڑنے کی ضمانت مانگی گئی ہے۔بعد ازاں مذاکرات کے ذریعے ایرانی بندرگاہوں پر امریکی پابندیاں ختم کرنے اور آبنائے ہرمز کی حیثیت کا تعین کیا جائے گا، جبکہ جوہری پروگرام جیسے حساس معاملات کو بعد کے مراحل میں زیر بحث لایا جائے گا۔ایران اب بھی یورینیم افزودگی کے حق میں امریکی اعتراف کا خواہاں ہے۔وائٹ ہاو¿س کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے تصدیق کی کہ قومی سلامتی ٹیم نے اس تجویز پر غور کیا ہے، تاہم اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں اور کہا گیا کہ صدر ٹرمپ اس پر بعد میں بات کریں گے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا کہ کسی بھی معاہدے میں اصل مسئلہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔انہوں نے ''فوکس نیوز'' کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر موجودہ ایرانی نظام برقرار رہا تو وہ مستقبل میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔روبیو نے ایرانی قیادت کو ''ماہر مذاکرات کار'' قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ وہ وقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، امریکہ کو ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کرنا چاہیے جو ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے راستے سے واضح طور پر نہ روکے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande