
تجربہ کار بالی ووڈ فلمساز سبھاش گھئی نے ’کھل نائک ریٹرنز‘ سے متعلق قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔ اداکار سنجے دت کی جانب سے حال ہی میں فلم کا ٹیزر ریلیز ہونے کے بعد، یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی تھیں کہ سبھاش گھئی 1993 کی کلٹ فلم ’کھل نائک‘ کا سیکوئل ہدایت کریں گے۔ تاہم انہوں نے اب واضح کیا ہے کہ وہ اس منصوبے کی ہدایت نہیں کررہے ہیں، لیکن اس میں شامل رہیں گے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سبھاش گھئی نے انکشاف کیا کہ سنجے دت طویل عرصے سے ”کھل نائک“ کا سیکوئل بنانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں رہتے ہوئے بھی سنجے دت نے انہیں خط لکھ کر فلم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ سبھاش گھئی نے بتایا کہ انہوں نے فلم کا تصور اور کہانی سنجے کے ساتھ شیئر کی ہے، لیکن وہ خود اس کی ہدایت کاری نہیں کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلم کو اسی انداز میں بنانا جس کا انہوں نے تصور کیا تھا چیلنجنگ ہوگا۔
سبھاش گھئی نے مزید اشارہ کیا کہ وہ ایک تخلیقی پروڈیوسر کے طور پر فلم میں شامل رہ سکتے ہیں اور ایک کیمیو بھی کر سکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ انھوں نے شاہ رخ خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں بھی ایک کیمیو کیا تھا اور ’کھل نائیک ریٹرنز‘ میں بھی ایسا ہی کیمیو ممکن ہے۔ سنجے دت کو اپنا بیٹا بتاتے ہوئے سبھاش گھئی نے کہا کہ وہ فلم کے لیے صحیح ہدایت کار کا انتخاب کریں گے اور اس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan