

نئی دہلی، 27 اپریل (ہ س)۔ ملک میں شدید گرمی کے پیش نظر مرکزی وزارت صحت نے پیر کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ایک ہیلتھ ایڈوائزری جاری کی ہے۔ وزارت نے ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام صحت مراکز میں ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ یونٹس کو فعال کریں۔ اس کے ساتھ ہی ایمبولینس خدمات کو مکمل طور پر تیار رکھیں۔
صحت کے سکریٹری پنیہ سلیلا سریواستو کے ذریعہ لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی اپریل سے جون کی پیش گوئی کے مطابق، مشرقی، وسطی اور شمال مغربی ہندوستان کے بہت سے حصوں میں معمول سے زیادہ لو‘ چلنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی ، جنوب مشرقی جزیرہ نما علاقے اور اڈیشہ، مغربی بنگال، تمل ناڈو، پڈوچیری اور آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے بھی شدید گرمی سے متاثر ہوں گے۔ گجرات، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں بھی گرمی کی لہر محسوس کی جا سکتی ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر مرکز نے ریاستوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
وزارت صحت نے ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام مراکز صحت میں ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ یونٹس کو فعال کریں، ایمبولینس خدمات کو مکمل طور پر تیار اور الرٹ رکھیں، لوگوں کو قبل از وقت انتباہ جاری کریں اور ہیٹ اسٹروک کے کیسز کو ریئل ٹائم رپورٹنگ پورٹل پر رجسٹر کریں۔
وزارت صحت نے یقین ظاہر کیا کہ مناسب منصوبہ بندی اور تال میل کے ساتھ ریاستیں لو‘کے اثرات کو کم کرسکتی ہیں۔ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ گرمی سے ہونے والی اموات اور بیماریوں کو روکنے کے لیے انفرادی طور پر تیاریوں کا جائزہ لیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد