
بریانی اور تربوز کھانے کے بعد طبیعت بگڑنے کی اطلاعممبئی، 27 اپریل (ہ س)۔ جنوبی ممبئی کے پائدھونی علاقے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی مشتبہ حالات میں موت کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس کے مطابق چاروں افراد نے رات کے وقت بریانی کھانے کے بعد تربوز کھایا تھا، جس کے بعد ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پائدھونی کے گھاٹی گلی میں واقع مغل بلڈنگ میں رہائش پذیر عبداللہ دوکاڈیا کے گھر 25 اپریل کو ایک تقریب منعقد ہوئی تھی، جس میں باہر سے پانچ مہمان شریک ہوئے تھے۔ مہمانوں کے جانے کے بعد گھر کے افراد نے رات تقریباً ایک بجے کے بعد کھانا کھایا، جس میں مرغ کی بریانی شامل تھی۔ بریانی کھانے کے بعد چاروں افراد نے تربوز بھی کھایا۔
اس کے فوراً بعد چاروں کی طبیعت خراب ہونے لگی اور انہیں فوری طور پر سرکاری جے جے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اتوار کی دیر رات علاج کے دوران چاروں افراد دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عبداللہ ڈوکاڈیا (40)، ان کی اہلیہ نسرین (35) اور ان کی دو بیٹیاں زینب (13) اور عائشہ (16) کے طور پر ہوئی ہے۔
ابتدائی طور پر اس واقعے کو خوراک سے زہریلا اثر ہونے کا معاملہ سمجھا جارہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حتمی نتیجہ طبی معائنہ رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے