
چھندواڑہ، 27 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ ضلع کے امرانالہ علاقے میں پیر کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ناگپور میں عازمین حج کو چھوڑ کر واپس آنے والی ایک کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے درخت سے ٹکرا گئی۔حادثے میں تین افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق ،حادثہ صبح 4 سے 5 بجے کے درمیان پیش آیا ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ایک خاتون جس کی حالت تشویشناک ہوگئی ،اسے ناگپور ریفر کیا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ ڈرائیور اور ایک اور شخص کی چھندواڑہ میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔
کار میں سوار دیگر تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں چھندواڑہ شہر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔سول سرجن ڈاکٹر سشیل دوبے نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو صبح 7 بجے کے قریب ضلع اسپتال لایا گیا تھا، ان میں سے دو مردہ پائے گئے، جب کہ دیگر زخمیوں کو ریفر کر دیا گیا۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کو شدید نقصان پہنچا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں ڈرائیور کے نیند کی جھپکی آنے یا گاڑی کے بے قابو ہونے کا خدثہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد