
نئی دہلی، 2 اپریل (ہ س)۔
سپریم کورٹ نے مغربی بنگال میں اسپیشل انٹینسیو ریویزن (ایس آئی آر) میں مصروف عدالتی افسران کو یرغمال بنائے جانے پر سخت اعتراض کیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے ایس آئی آر میں مصروف عدالتی افسران کی حفاظت کے لیے مرکزی فورسز کی تعیناتی کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے مغربی بنگال کے ایڈوکیٹ جنرل کشور دتہ سے کہا کہ یہ ریاست سب سے زیادہ پولرائزڈ ریاست ہے جہاں ہر کوئی سیاسی زبان بولتا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جوڈیشل افسران کا گھیراو¿ اور یرغمال بنانا نہ صرف عدالتی افسران کے وقار کے خلاف ہے بلکہ سپریم کورٹ کے وقار کے بھی خلاف ہے۔
درحقیقت، ایس آئی آر میں مصروف سات عدالتی افسران کو 1 اپریل کی سہ پہر تقریباً 3:30 بجے مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں ایک بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے دفتر میں گھنٹوں تک یرغمال بنایا گیا۔ سات جوڈیشل افسران میں سے تین خواتین جج تھیں۔ رات گئے تک یرغمال بنانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
سپریم کورٹ نے نوٹ کیا کہ کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے مطابق نہ تو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور نہ ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ اس کے بعد، چیف جسٹس نے ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کو ججوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بلایا۔ بعد ازاں عدالتی افسران کو آدھی رات کو رہا کر دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ