
جالنہ سڑک حادثہ : زخمی ایک اور خاتون مزدور کی موت، ہلاکتیں 8 تک پہنچ گئیں
جالنہ، 02 اپریل (ہ س)۔ مہاراشٹر کے جالنہ ضلع میں سمردھی ہائی وے پر پیش آئے بھیانک سڑک حادثے میں زخمی ایک اور خاتون مزدور کی جمعرات کو دورانِ علاج موت ہو گئی، جس کے بعد اس سانحے میں مرنے والی خواتین مزدوروں کی تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی ہے، جبکہ دیگر 4 زخمیوں کا علاج جالنہ کے سرکاری اسپتال میں جاری ہے۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
جالنہ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اجے کمار بنسل کے مطابق حادثے کے وقت خواتین مزدور کام ختم کر کے گھر واپس جا رہی تھیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اور زخمی خاتون کی موت ہو گئی ہے، تاہم اس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کی شام تقریباً 6 بجے جالنہ ضلع کے جنواڑی–کدونچی علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا، جب خواتین مزدور کام مکمل کرنے کے بعد گاؤں واپس جانے کے لیے ایک پِک اَپ گاڑی میں سوار ہونے کی تیاری کر رہی تھیں۔ اسی دوران ناگپور سے ممبئی کی سمت آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک نے پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں پِک اَپ گاڑی بری طرح تباہ ہو گئی اور 7 خواتین مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں، جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت الکابائی داداراو ادامانے (45)، لکشمی بائی سنتوش مدن (35)، مینا بائی پرمیشور ادامانے (45)، کانچن بائی پرکاش ادامانے (50)، تارابائی گہیناجی چودھری (60)، کڈوبائی رامداس مدن (55) اور سمن بائی کچرو ادامانے (70) کے طور پر ہوئی ہے۔ آج اسپتال میں دم توڑنے والی خاتون کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔
زخمیوں میں پرایگ بائی باباصاحب واگھ (30)، کویتا چودھری (35)، دنیش رنگناتھ گائیکواڑ (42) اور تقریباً 50 سالہ ایک نامعلوم شخص شامل ہیں، جن کا علاج جاری ہے۔ زخمی دنیش گائیکواڈ پِک اَپ گاڑی کا ڈرائیور ہے جبکہ دوسرا زخمی اس کا معاون بتایا جا رہا ہے۔
اس افسوسناک واقعے پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے ہر متوفی کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مزدور جس ٹھیکیدار کے تحت کام کر رہے تھے، ان کے لیے مناسب معاوضہ دلانے کی بھی کوششیں کی جا رہی ہیں، جبکہ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے