
آسنسول، 18 اپریل (ہ س): مغربی بنگال اسمبلی انتخابی مہم کے درمیان، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور بالی ووڈ اداکار متھن چکرورتی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو اب شکست کا احساس ہو رہا ہے، اس لیے وہ مرکزی سیکورٹی فورسز پر الزام لگا رہی ہیں۔ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کی فعالیت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایجنسیاں آزادانہ طور پر کام کرتی ہیں اور وہی کارروائی کا فیصلہ کرتی ہیں۔
میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے ممتا بنرجی کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کیا جس میں ترنمول سربراہ نے مرکزی سیکورٹی فورسز پر بی جے پی کے حق میں ہونے والی ووٹنگ کو متاثر کرنے کا الزام لگایا تھا۔
کلٹی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر اجے پودار کی حمایت میں سود پور ایریا آفس میدان سے ڈسر گڑھ پوسٹ آفس تک ایک تاریخی بائک ریلی نکالی گئی۔ ہفتہ کو ہونے والی ریلی میں متھن چکرورتی مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کھلی گاڑی میں امیدوار کے ساتھ عوامی رابطہ کیا۔ متھن چکرورتی کو دیکھنے کے لیے راستے میں لوگوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوگئی۔
متھن چکرورتی نے اس کے بعد درگاپور کے دو مختلف اسمبلی حلقوں میں بی جے پی امیدواروں کی حمایت میں روڈ شو کیا۔ درگاپور مغربی اسمبلی حلقہ میں امیدوار لکھن چندر گھروئی کی حمایت میں پہلا روڈ شو کرولیا دنگل ہیلتھ سنٹر سے شروع ہوا، جھنڈاباغ سے ہوتا ہوا مین گیٹ کراسنگ پر ختم ہوا۔ روڈ شو میں لکھن چندر گھروئی اور سابق بی جے پی ایم پی ایس ایس اہلووالیہ بھی موجود تھے۔ شدید گرمی کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد انہیں دیکھنے سڑکوں پر جمع تھی۔
دوسرا روڈ شو درگا پور مشرقی اسمبلی حلقہ کے سیلم پور گاو¿ں کے علاقے میں منعقد ہوا، جہاں متھن چکرورتی نے بی جے پی امیدوار چندر شیکھر بنرجی کی حمایت میں مہم چلائی۔ اس روڈ شو نے بھی ایک بڑا ہجوم کھینچا اور پورے علاقے میں انتخابی ماحول کو گرمادیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی