
نئی دہلی، 18 اپریل (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے سرکاری ملازمین کے مہنگائی الاؤنس (ڈی اے) اور پنشن یافتگان کے مہنگائی ریلیف (ڈی آر) میں 2 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے دہلی میں پریس انفارمیشن بیورو
( پی آئی بی ) کے نیشنل میڈیا سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے افراط زر کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ڈی اے اور ڈی آر کی اضافی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس میں بنیادی تنخواہ اور پنشن کے 58 فیصد کی موجودہ شرح میں 2 فیصد کا اضافہ شامل ہے۔ یہ اضافہ یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ اس فیصلے سے تقریبا 50 لاکھ افراد کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ مرکزی حکومت کے 46 لاکھ ملازمین اور 27 لاکھ 68 ہزار پنشنر اس سے مستفید ہوں گے اور اس اضافے سے سرکاری خزانے پر سالانہ 6791.24 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ یہ فیصلہ ساتویں مرکزی تنخواہ کمیشن کے تجویز کردہ سفارشات کے بعد کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد