
کوچ بہار، 17 اپریل (ہ س)۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے جمعہ کو اسمبلی انتخابات کے مدنظر کوچ بہار کے راس میلہ میدان میں منعقدہ عوامی ریلی سے وزیر اعظم نریندر مودی پر غلط بیانی کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا، ”جب تک آپ یہاں ہیں، براہ کرم جھوٹ کم بولئے۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں جمہوریت کے ذریعے آپ سے تین سوال پوچھ رہی ہوں۔
انہوں نے سوال کیا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے آپ نے ہر سال 2 کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج 12 سال گزر گئے، کتنے کو نوکریاں ملی؟ انہوں نے الزام لگایا کہ ریلوے میں ایک گینگ مین تک نہیں ہے۔ ریلوے، ایوی ایشن اور لائف انشورنس کارپوریشن جیسے ادارے فروخت کیے جا رہے ہیں۔ دوسرا سوال انہوں نے کیا کہ انتخابات سے پہلے ہر شہری کے کھاتے میں 15 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن کسی کو کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے تیسرا سوال کیا کہ نوٹ بندی کرکے کالا دھن واپس لانے کی بات کہی گئی تھیلیکن وہ بھی پورا نہیں ہوا۔
ممتا بنرجی نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہابہت نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی )کر لیا، پہلے اپنی حکومت سنبھالئے۔ کوچ بہار میں راج ونشی برادری کے افراد کو آسام سے این آر سی نوٹس بھیجے گئے ہیں۔ اب کہا جا رہا ہے کہ انتخابات کے لیے باہر سے لوگوں کو ٹرین کے ذریعے لایا جائے گا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی فورسز کی مدد سے باہر کے لوگوں کو ریاست میں داخلہ دلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ دوسری ریاستوں میں بھی باہر سے لوگوں کو لا کر ووٹنگ کروائی گئی اور اب مغربی بنگال میں بھی ایسی ہی کوششیں ہو رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد