ٹپرا موتھا نے ٹی ٹی اے اے ڈی سی انتخابات میں 24 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، بی جے پی کی صرف چار سیٹوں پر جیت
اگرتلہ، 17 اپریل (ہ س): ٹپرا موتھا پارٹی نے تریپورہ قبائلی علاقہ جات خود مختار ضلع کونسل (ٹی ٹی اے اے ڈی سی) کے انتخابات میں تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 میں سے 24 سیٹیں جیت کر زبردست اکثریت حاصل کی ہے، جمعہ کو اعلان کردہ حتمی نتائج سے ظا
جیت


اگرتلہ، 17 اپریل (ہ س): ٹپرا موتھا پارٹی نے تریپورہ قبائلی علاقہ جات خود مختار ضلع کونسل (ٹی ٹی اے اے ڈی سی) کے انتخابات میں تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 میں سے 24 سیٹیں جیت کر زبردست اکثریت حاصل کی ہے، جمعہ کو اعلان کردہ حتمی نتائج سے ظاہر ہوا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) صرف چار سیٹیں جیت سکی، جبکہ سی پی آئی (ایم)، کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتیں اس الیکشن میں کوئی خاص اثر نہیں ڈال سکیں۔

اس تاریخی جیت کے بعد ٹپرا موتھا کے بانی اور شاہی وارث پردیوت کشور مانکیا دیببرما نے پارٹی کارکنوں اور جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت صرف سیاسی کامیابی نہیں ہے بلکہ عوام کے اعتماد اور توقعات کی علامت ہے۔ انہوں نے ذمہ داری، ایمانداری اور انصاف پسندی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے انتخابات کے بعد ہونے والے کسی بھی تشدد کے خلاف ایک سخت پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی سے ٹپراسا اور قبائلی برادری کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیت اور شکست جمہوریت کا فطری حصہ ہے اور اس سے معاشرے میں تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے سب سے اپیل کی کہ وہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی فتح محبت، اتحاد اور اجتماعی ترقی میں ہے اور ہمیں آئندہ نسلوں کے لیے ایک بہتر معاشرہ تشکیل دینا چاہیے۔

قابل ذکر ہے کہ 12 اپریل کو ہونے والے انتخابات میں 28 سیٹوں پر 173 امیدواروں نے مقابلہ کیا تھا۔ تقریباً 83 فیصد ووٹر ٹرن آو¿ٹ ریکارڈ کیا گیا جو کہ حوصلہ افزا سمجھا جا رہا ہے۔ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ریاست بھر کے 17 گنتی مراکز پر جمعہ کی صبح 8 بجے گنتی شروع ہوئی۔ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق، پہلے VVPAT سلپس کی تصدیق کی گئی، اس کے بعد EVM کے ذریعے حتمی گنتی کی گئی۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande