
کولکاتا/علی پوردوار، 16 اپریل (ہ س)۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے علی پور دوار میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی انتخابات کے دوران باہر کے لوگوں کو لا کر ہوٹلوں میں ٹھہرا رہی ہے اور ان کے ذریعے پیسے تقسیم کر رہی ہے۔
ترنمول کانگریس امیدوار سمن کنجی لال کی حمایت میں منعقدہ ریلی میں ممتا بنرجی نے کہا کہ اتر پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش اور آسام سے لوگوں کو لا کر انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے پاس مقامی کارکنوں کی کمی ہے، اس لیے ایجنسیوں کے ذریعہ فارم بھروائے جا رہے ہیں اور انہی لوگوں کو بوتھ پر تعینات کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے عوام سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ باہر کی ایجنسیاں فارم بھرتے وقت ذاتی معلومات جیسے نام، پتے، بینک اکاو¿نٹس اور فون نمبر جمع کر رہی ہیں، جن کا بعد میں غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کئی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چائے کے باغات کھولنے اور روزگار فراہم کرنے جیسے وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات کو لاگوکر دیا ہے اور سرکاری ملازمین کو 25 فیصد مہنگائی الاو¿نس فراہم کر رہی ہے۔
ممتا بنرجی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں پنشن کا نظام اب بھی موجود ہے اور ملازمین کو مختلف فوائد بشمول مختلف تہواروں پر چھٹیاں فراہم کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے روزگار سے متعلق بی جے پی کے وعدوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہر سال دوکروڑ ملازمتوں کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے خواتین کے ریزرویشن اور حد بندی کے مسئلہ پر بھی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کی حمایت کے باوجود اسے سیٹوں کی ترتیب سے جوڑنا مغربی بنگال کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے اور خواتین کے وقار کے خلاف ہے۔
وزیر اعلی نے الزام لگایا کہ بی جے پی بحران کے وقت عوام کے ساتھ نہیں کھڑی ہے، جبکہ ریاستی حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے اور ترقیاتی کاموں میں مسلسل سرگرم رہی ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد