جموں سے گرفتار منشیات اسمگلر کے پاکستانی خفیہ ایجنسی سے روابط کا انکشاف
جموں سے گرفتار منشیات اسمگلر کے پاکستانی خفیہ ایجنسی سے روابط کا انکشاف جموں، 16 اپریل (ہ س)۔ جموں پولیس نے ایک شاطر بین ریاستی منشیات اسمگلر گلزار احمد عرف لَہو گجر کی گرفتاری کے بعد بڑے انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزم کے سرحد پار پاکستان میں
Arrested


جموں سے گرفتار منشیات اسمگلر کے پاکستانی خفیہ ایجنسی سے روابط کا انکشاف

جموں، 16 اپریل (ہ س)۔ جموں پولیس نے ایک شاطر بین ریاستی منشیات اسمگلر گلزار احمد عرف لَہو گجر کی گرفتاری کے بعد بڑے انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزم کے سرحد پار پاکستان میں موجود عناصر اور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے روابط تھے۔ ایس ایس پی جموں جوگیندر سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ لَہو گجر طویل عرصے سے منشیات، مویشی اسمگلنگ اور نارکو ٹیرر سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم 2006 سے جرائم میں سرگرم تھا اور 2019 کے بعد اس نے منشیات اسمگلنگ کو منظم نیٹ ورک کی شکل دی۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ڈرون کے ذریعے سرحد پار سے اس کے لیے ہتھیار اور منشیات کی کھیپ بھیجی جاتی تھی، جنہیں جموں اور پنجاب کے سرحدی علاقوں میں گرایا جاتا تھا۔ پولیس کے مطابق لَہو گجر کے خلاف جموں ضلع میں 28 جبکہ دیگر ریاستوں میں تقریباً 100 مقدمات درج ہیں۔ اب تک اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 8 سے 10 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے اور مزید 20 سے زائد افراد کی شناخت کی گئی ہے۔ اس کے نیٹ ورک سے تقریباً 700 گرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی ہے۔

معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جموں پولیس نے 22 رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے، جو ملزم کے بین ریاستی اور سرحد پار روابط سمیت نارکو ٹیرر نیٹ ورک کی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 20 افراد کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ 200 گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ گرفتاری کے دوران ملزم کے قبضے سے پاکستان میں تیار کردہ گلاک پستول بھی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس اس پورے معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے اور دیگر ایجنسیوں کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande