
نئی دہلی، 16 اپریل (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ پوری دنیا اس وقت ایک سنگین اور کشیدہ صورتحال سے گزر رہی ہے، جس کے اثرات عالمی سطح پر تمام ممالک پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے ماحول میں مسائل کا حل فوجی تصادم سے نہیں بلکہ مذاکرات اور امن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیر اعظم مودی نے حیدرآباد ہاؤس میں آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور آسٹریا ،دونوں ہی یوکرین اور مغربی ایشیا جیسے حساس خطوں میں مستحکم، پائیدار اور دیرپا امن کے حامی ہیں۔ مودی نے اس بات پر زور دیا کہ بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے عالمی اداروں کی اصلاح ضروری ہے اور یہ کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم نے چانسلر اسٹاکر کے دورہ ہندوستان کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چار دہائیوں کے بعد آسٹریا کے کسی چانسلر کا دورہ ہندوستان دو طرفہ تعلقات کے لیے انتہائی اہم ہے۔ 2026 میں دستخط کیے گئے ہندوستان-یورپی یونین کے آزادانہ تجارتی معاہدے نے یورپی یونین کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات میں ایک نئے باب کی نشاندہی کی ہے۔
مودی نے کہا کہ یہ دورہ تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی تحریک فراہم کرے گا۔ ہندوستان کی ”رفتار اور پیمانے“ اور آسٹریا کی ”مہارت“ کو مربوط کرکے عالمی سطح پر قابل اعتماد ٹیکنالوجی اور سپلائی چین تیار کی جائے گی۔ دونوں ممالک دفاع، سیمی کنڈکٹرز، کوانٹم ٹیکنالوجی اور بایو ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنائیں گے۔ آئی آئی ٹی دہلی اور آسٹریا کی یونیورسٹی آف مونٹجن کے درمیان ہوا یہ معاہدہ اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2023 میں دستخط شدہ مائیگریشن اینڈ موبیلٹی ایگریمنٹ نرسنگ کے شعبے میں نقل و حرکت کو فروغ دے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان اسٹارٹ اپ اور تحقیقی تعاون کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے انڈیا-آسٹریا ورکنگ ہالیڈے پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
مودی نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ دہلی میٹرو اور اٹل ٹنل جیسے پروجیکٹوں میں آسٹریا کی سرنگ کی مہارت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ماحول دوست توانائی اور شہری ترقی کے شعبوں میں بھی آسٹریا کی کمپنیاں ہندوستان کی ترقی میں فعال رول ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ چانسلر اسٹاکر کا دورہ ہندوستان-آسٹریا تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد