
حیدرآباد ، 16 اپریل (ہ س) ۔
آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں جمعرات کی علی الصبح پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کرآٹھ ہوگئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد13 ہے۔ ضلع کے منترالیہ منڈل کے چلاکا لادونا گاؤں میں پیش آنے والے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پانچ خواتین سمیت ایک بچی بھی شامل ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک وین کی ٹکرکنکریٹ مکسرٹرک سے ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ کرناٹک کے چک منگلورکے کچھ لوگ وین میں سوارہو کرمنترالیہ میں واقع شری راگھویندرا سوامی مندرجارہے تھے۔ وین اورکنکریٹ مکسرٹرک کے درمیان ہونے والی اس شدید ٹکرمیں پانچ افراد موقع پرہی ہلاک ہو گئے، جبکہ تین دیگرنے ہاسپٹل لے جاتے وقت راستے میں دم توڑدیا۔ ہلاک شدگان کی شناخت کمار(50)،دیپیکاوینا (42)، سنیل(40)، یشودھا(60)، پٹما(55)، لکشمی (60)، میناکشی (46)اوربیلی (5)کے طورپرہوئی ہے۔ زخمیوں کوسرکاری جنرل ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہونے پرانہیں کرنول کے بڑے ہاسپٹل ریفرکردیا گیا ہے۔
دریں اثنا، وزیراعظم نریندرمودی نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے ‘وزیراعظم قومی امدادی فنڈ سے ہرمتوفی کے لواحقین کودولاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ زخمیوں کو پچاس ہزارروپے دیے جائیں گے۔آندھرا پردیش کے گورنر ایس عبدالنذیرنے بھی اس حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق