
بیجنگ/تہران، 16 اپریل (ہ س) مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے درمیان چین اور ایران کے درمیان سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اس تناظر میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے فون پر بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماو¿ں نے خطے میں جاری تنازعات، جنگ بندی اور امن مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ ایرانی عوام کے بنیادی مفادات کو پورا کرتا ہے اور علاقائی اور عالمی برادری کی مشترکہ توقعات کی عکاسی کرتا ہے۔
وانگ یی نے خاص طور پر آبنائے ہرمز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی خودمختاری، سلامتی اور جائز حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس اہم سمندری راستے سے بین الاقوامی نیوی گیشن کی آزادی اور حفاظت کو یقینی بنائیں۔
چین نے اس موقع پر مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وانگ یی نے کہا کہ ان کا ملک علاقائی ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے اور بات چیت کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بات چیت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عالمی برادری مغربی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کی خواہاں ہے۔ چین نے واضح کیا ہے کہ وہ بات چیت، تعاون اور سفارت کاری کے ذریعے اس مقصد کو حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی