
اکرا (گھانا)، 14 اپریل (ہ س)۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل گھانا نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے تجربہ کار پرتگالی منیجر کارلوس کوئروز کو اپنی قومی فٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔گھانا فٹ بال ایسوسی ایشن (جی ایف اے) نے پیر کو باضابطہ اعلان کیا۔ 73 سالہ کوئروز مسلسل پانچویں ورلڈ کپ میں کوچنگ کریں گے جو اپنے آپ میں ایک اہم کامیابی ہے۔ ٹیم 2026 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہونے کے بعد انہوں نے گزشتہ ماہ عمان کے کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
مارچ میں آسٹریا اور جرمنی کے خلاف دوستانہ میچوں میں شکست کے بعد اوٹو اڈو سے علیحدگی کے بعد گھانا ورلڈ کپ کے آغاز سے صرف 72 دن پہلے کوچ کے بغیر رہ گیا تھا۔جی ایف اے نے ایک بیان میں کہا،’ایگزیکٹیو کونسل نے تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد، کارلوس کوئروز کو سینئر قومی ٹیم، بلیک اسٹارز کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔‘
کوئروز کا کوچنگ کیریئر شاندار رہا ہے۔ اس نے 2010 ورلڈ کپ میں پرتگال کو پری کوارٹر فائنل (راو¿نڈ آف 16) تک پہنچایا۔ اس کے بعد انہوں نے مسلسل تین ورلڈ کپ میں ایران کی کوچنگ کی، جہاں ٹیم نے اپنے 13 میں سے تین میچ جیتے تھے۔موزمبیق میں پیدا ہونے والے کوئروز ایک سابق گول کیپر ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران مصر، جاپان، کولمبیا اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کی کوچنگ بھی کی جبکہ 1990 کی دہائی کے اوائل میں پرتگال کی قیادت بھی کی۔گھانا کو فیفا ورلڈ کپ 2026 میں گروپ ایل میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ کروشیا، انگلینڈ اور پاناما جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوگا۔اب کوئروز کے تجربے سے گھانا کی ٹیم بہتر کارکردگی کی امید کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan