
جموں, 14 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ’اپنا بھوجنالیہ‘ کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔ یہ کمیونٹی کچن سیوا بھارتی کے زیر اہتمام چلایا جا رہا ہے جبکہ جموں و کشمیر بینک اور دیگر عطیہ دہندگان اس کی معاونت کر رہے ہیں۔تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے اس فلاحی اقدام کو سراہا اور ’اپنا بھوجنالیہ‘ میں کھانا بھی تناول کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیوا بھارتی کا جذبۂ خدمت افراد کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ معاشرے کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضرورت مندوں کی خدمت سے بڑھ کر کوئی فریضہ نہیں اور سیوا بھارتی نے بھوکوں کو کھانا فراہم کر کے نہ صرف ان کی ضرورت پوری کی بلکہ انسانی وقار کو بھی برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اپنا بھوجنالیہ‘ کو مضبوط بنانا دراصل معاشرے کی بنیاد کو مستحکم کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھوکے کو کھانا کھلانا ایک مقدس عمل ہے اور یہ انسانیت کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ ان کے مطابق بے لوث خدمت، وژن، مستقل مزاجی اور کمیونٹی سے محبت کے ذریعے ہی مثبت تبدیلی ممکن ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سیوا بھارتی، رضاکاروں اور عطیہ دہندگان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لاکھوں افراد کی زندگیوں میں بہتری لائی ہے اور اس بات کا عہد کیا جانا چاہیے کہ ’اپنا بھوجنالیہ‘ کی خدمات بلا تعطل جاری رہیں گی۔انہوں نے اس موقع پر معاشرے کے تمام طبقات سے منشیات کے خلاف مہم میں شامل ہونے کی اپیل بھی کی۔تقریب میں سیوا بھارتی کے عہدیداران و دیگر رضاکار موجود تھے۔ اس کے علاوہ رکن اسمبلی اروند گپتا، جموں و کشمیر بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او امیتاو چٹرجی، گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے پرنسپل ڈاکٹر آشوتوش گپتا، ڈاکٹر گوتم مینگی، ڈاکٹر ریتو سنگھ اور دیگر معزز شہری و اعلیٰ افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر