
جموں،14 اپریل(ہ س)۔
جموں و کشمیر پولیس نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے تحت ضلع سانبہ میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 20.53 گرام ہیروئن نما مادہ (چِٹّا) برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق پہلی کارروائی پولیس اسٹیشن وجے پور کی ٹیم نے این ایچ ڈبلیو پر اے آئی آئی ایم ایس وجے پور کے قریب ناکہ چیکنگ کے دوران انجام دی، جہاں سانبہ سے وجے پور کی جانب جا رہی ایک سوئفٹ کار کو روک کر تلاشی لی گئی۔ اس دوران گاڑی میں سوار دو افراد کے قبضے سے 16.61 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔
گرفتار شدگان کی شناخت سنجیو کمار ولد پریم چند سکنہ ہریا چک ضلع کٹھوعہ اور ملکیت کور زوجہ شرمیت سنگھ سکنہ کیری ضلع جموں کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے دونوں کو موقع پر گرفتار کر کے گاڑی اور منشیات ضبط کر لی۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 53/2026 درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری کارروائی پولیس اسٹیشن سانبہ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر نُڈ ناکہ پر انجام دی، جہاں ایک بریزا کار کو روک کر تلاشی کے دوران ڈرائیور کے قبضے سے 3.92 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا۔ ملزم کی شناخت عمر اسحاق ولد محمد اسحاق سکنہ قلعہ بھدرواہ ضلع ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے گرفتار کر کے گاڑی اور منشیات ضبط کر لی گئی۔ اس ضمن میں ایف آئی آر نمبر 88/2026 درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف مہم آئندہ بھی سختی سے جاری رکھی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر