رامبن میں لاپتہ نوجوان کی تلاش تیسرے روز میں داخل
جموں, 14 اپریل (ہ س)ضلع رامبن میں ایک نوجوان کے لاپتہ ہونے کے معاملے میں منگل کے روز سرچ آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی، جبکہ پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دے کر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق
Search


جموں, 14 اپریل (ہ س)ضلع رامبن میں ایک نوجوان کے لاپتہ ہونے کے معاملے میں منگل کے روز سرچ آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی، جبکہ پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دے کر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق 25 سالہ تنویر احمد چوپان سکنہ منڈکھل پوگل تحصیل اُکھڑال، اتوار کے روز جموں سے اپنے آبائی گاؤں جا رہا تھا اور اپنی گاڑی میں ایک دودھ دینے والی گائے اور دو بچھڑے لے جا رہا تھا۔ الزام ہے کہ راستے میں کچھ افراد نے اس کا پیچھا کر کے اس پر حملہ کیا۔عینی شاہدین کے مطابق حملے سے بچنے کی کوشش میں تنویر احمد چوپان نزدیکی نالہ بشلری میں کود گیا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔

حکام نے بتایا کہ پولیس، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف اور مقامی رضاکاروں پر مشتمل ٹیمیں مسلسل تیسرے دن بھی نالے میں تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران بڑے پتھروں اور دشوار گزار مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، کیونکہ امکان ہے کہ لاش ان کے نیچے پھنسی ہو سکتی ہے۔ادھر واقعہ کے خلاف پیر کے روز مقامی لوگوں اور متاثرہ خاندان نے جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے تقریباً چار گھنٹے تک ٹریفک معطل رکھا، جس کے بعد حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ لاپتہ نوجوان کے اہل خانہ اور رشتہ دار بھی سرچ آپریشن میں شامل ہو کر اس کی بازیابی کے منتظر ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande