
نئی دہلی، 14 اپریل (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی آج دہلی، دہرادون اقتصادی راہداری (اکنامک کوریڈور) کا افتتاح کریں گے۔ تقریباً 213 کلومیٹر طویل اس چھ لین ’ایکسیس کنٹرولڈ کوریڈور‘ کی تعمیر 12,000 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ دہلی، اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے درمیان رابطے (کنیکٹیوٹی) کو نئی رفتار فراہم کرے گا۔ پروگرام سے قبل شام یہ معلومات وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) نے دی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی وزیراعظم کے آج کے اس اہم پروگرام کی مختصر تفصیل ان کی تصویر کے ساتھ ایکس پر شیئر کی ہے۔
پی ایم او کے مطابق، وزیراعظم نریندر مودی آج اتراکھنڈ اور اتر پردیش کا دورہ کریں گے۔ صبح تقریباً 11.15 بجے وزیراعظم دہلی- دہرادون اقتصادی راہداری کے ایلیویٹڈ سیکشن پر جنگلی حیات کی راہداری کا جائزہ لینے کے لیے اتر پردیش کے سہارنپور جائیں گے۔ دوپہر تقریباً 11.40 بجے وزیراعظم دہرادون کے قریب واقع ’’جے ماں ڈاٹ کالی مندر‘‘ میں پوجا کریں گے۔ اس کے بعد، دوپہر تقریباً 12.30 بجے وزیراعظم دہرادون میں منعقدہ عوامی پروگرام میں دہلی-دہرادون اقتصادی راہداری کا افتتاح کریں گے۔ وہ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔
دہلی سے دہرادون کے سفر کا وقت ابھی 6 گھنٹے سے زائد ہے۔ اس راہداری کے شروع ہوتے ہی یہ گھٹ کر تقریباً 2.5 گھنٹے رہ جائے گا۔ اس سے مسافروں کو تیز، محفوظ اور سہل سفر کا تجربہ ملے گا۔
منصوبے کے تحت 10 انٹرچینج، تین ریلوے اوور برج (آر او بی)، چار بڑے پل اور 12 وے-سائیڈ سہولیات تیار کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی، بہتر ٹریفک مینجمنٹ اور سیکورٹی کے لیے ایڈوانس ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (اے ٹی ایم ایس) بھی لگایا گیا ہے۔
ماحولیاتی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کوریڈور میں کئی خصوصی دفعات رکھی گئی ہیں۔ جنگلی جانوروں کے تحفظ اور انسان و جنگلی حیات کے تصادم کو کم کرنے کے لیے 12 کلومیٹر طویل ’وائلڈ لائف ایلیویٹڈ کوریڈور‘ بنایا گیا ہے، جو ایشیا کے طویل ترین کوریڈورز میں سے ایک ہے۔ اس کے علاوہ جانوروں کے آٹھ راستے، 200-200 میٹر کے دو ہاتھی انڈر پاس اور ڈاٹ کالی مندر کے پاس 370 میٹر طویل سرنگ بھی بنائی گئی ہے۔
یہ کوریڈور علاقائی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے، سیاحت کی حوصلہ افزائی کرنے اور تجارت کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ منصوبہ جدید انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی توازن کے ہم آہنگی کی بہترین مثال مانا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن