
ایم پی میں 10 ویں-12 ویں بورڈ امتحانات کا نتیجہ 15 اپریل کو جاری ہوگا
بھوپال، 14 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے ذریعے اس سال منعقدہ دسویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے نتائج 15 اپریل کو صبح 11.00 بجے جاری کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو ایک خصوصی پریس کانفرنس کے ذریعے دونوں جماعتوں کے نتائج ایک ساتھ اعلان کریں گے۔ وزیر برائے اسکول تعلیم ادے پرتاپ سنگھ نے پیر کو بتایا کہ نتائج کے ساتھ دونوں جماعتوں کی میرٹ لسٹ (ٹاپرز کی فہرست) بھی جاری کی جائے گی۔ ریاست کی سطح پر ٹاپ کرنے والے ہونہار طلبہ کو حکومت کی جانب سے خصوصی طور پر نوازا جائے گا۔ طلبہ کو اپنا نتیجہ دیکھنے کے لیے صرف اپنے رول نمبر کی ضرورت ہوگی۔ بورڈ نے کاپیوں کی جانچ اور پورٹل پر ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کا کام پہلے ہی مکمل کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نتائج جاری کرنے سے پہلے کراس چیکنگ اور ویریفیکیشن تیزی سے مکمل کیا گیا۔ ہر سطح پر جانچ کی گئی تاکہ کوئی غلطی نہ رہے۔ رزلٹ کو ’’فل پروف‘‘ رکھا گیا ہے، جس سے طلبہ کو پریشانی نہ ہو۔ ریاست میں 10 ویں اور 12 ویں کے امتحانات میں 16 لاکھ سے زیادہ طلبہ شامل ہوئے۔ ان میں تقریباً 9 لاکھ 7 ہزار طلبہ 10 ویں اور تقریباً 7 لاکھ طلبہ 12 ویں میں بیٹھے۔ امتحانات کے لیے 3856 مراکز بنائے گئے تھے۔ نقل روکنے کے لیے فلائنگ اسکواڈ، سی سی ٹی وی اور سوالنامہ کی تقسیم کی ویڈیو گرافی کے انتظامات کیے گئے تھے۔ اس کے باوجود ریاست میں تقریباً 100 نقل کے کیسز سامنے آئے۔ مرینا میں سب سے زیادہ 41 اور بھوپال میں 20 کیسز درج ہوئے۔
ڈاکٹروں اور کونسلرز نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں پر دباؤ نہ ڈالیں اور ذہنی تعاون فراہم کریں۔ گاندھی میڈیکل کالج کی ڈاکٹر رچی سونی نے کہا کہ ہر بچہ اچھا رزلٹ چاہتا ہے، لیکن ایسا ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔ ایک امتحان زندگی کا فیصلہ نہیں کرتا۔ بچوں کے تناؤ میں ہونے پر ان سے بات کریں اور ان کا ساتھ دیں۔ محکمہ تعلیم کا مقصد وقت پر رزلٹ جاری کرنا ہے، تاکہ طلبہ بغیر کسی تاخیر کے اگلی کلاس یا کورس میں داخلہ لے سکیں۔ مقررہ وقت پر نتائج آنے سے طلبہ اور والدین کو راحت ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن