
جموں، 14 اپریل (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ ہر تھانے میں سرگرم بڑے منشیات فروشوں کی فہرست تیار کی جائے اور 30 دن کے اندر منشیات کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے سخت اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے ضلع کٹھوعہ میں 100 روزہ انسدادِ منشیات مہم “نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان” کے آغاز کے موقع پر ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ منشیات فروشوں اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، آدھار کارڈ اور اسلحہ لائسنس کی منسوخی بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منشیات سے وابستہ افراد کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے گی، بینک کھاتے منجمد کیے جائیں گے اور مالیاتی تحقیقات بھی کی جائیں گی۔
انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے مقررہ مدت کے اندر مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔منوج سنہا نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ اجتماعی کوششوں سے ہی جیتی جا سکتی ہے اور سماج کے ہر طبقے کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے نشے کے عادی افراد کے لیے ہمدردانہ رویہ اپنانے اور ان کی بحالی پر زور دیا۔
اس موقع پر انہوں نے کٹھوعہ میں ایک پدیاترا کی قیادت بھی کی، جس میں عوام، افسران، سماجی کارکنوں، خواتین اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے خواتین سیلف ہیلپ گروپس سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات کے خلاف نگرانی کے لیے ٹیمیں تشکیل دیں۔آخر میں لیفٹیننٹ گورنر نے عوام سے منشیات کے خاتمے کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی اور انسدادِ منشیات کا حلف بھی دلایا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر