
امپھال، 14 اپریل (ہ س)۔ منی پور میں سیکورٹی فورسز کے ذریعے گزشتہ 24 گھنٹے میں چلائی گئی سلسلہ وار مہمات میں ایک عسکریت پسند کو گرفتار کیا گیا ہے، وہیں مختلف مقامات پر بنکروں کو مسمار کرنے کے ساتھ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
منی پور پولیس نے آسام پولیس کے تعاون سے جیریبام ضلع کے کمرانگا کے رہنے والے ہودم رومین سنگھ عرف ناوبی (39) کو گرفتار کیا۔ اسے آسام کے ہو جائی ضلع کے لنکا تھانہ علاقے کے تحت روپ نگر سے پکڑا گیا۔ پولیس کے مطابق، گرفتار شخص آر پی ایف/پی ایل اے کا رکن ہے اور جیریبام تھانہ میں درج ایک کیس میں شریک ملزم بھی ہے۔
ایک دیگر مہم میں اوکھرل ضلع کے لیتان تھانہ علاقے کے تحت مونگ کوٹ چیپو گاوں کے علاقے میں سیکورٹی فورسز نے چار بنکروں کو تباہ کر دیا۔ موقع سے 35 خالی کارتوس بھی برآمد کیے گئے۔
اسی تسلسل میں کانگ پوکپی ضلع کے سیکول تھانہ علاقے کے تحت تنگ پی بنگ اور لیپلین گاوں کے درمیان تلاشی مہم چلا کر سیکورٹی فورسز نے ہتھیاروں کا ذخیرہ برآمد کیا۔ برآمد شدہ مواد میں پانچ دیسی بولٹ ایکشن سنگل بیرل بندوقیں، تین پمپی ہتھیار، ایک نمبر-36 ہینڈ گرنیڈ، 7.62 ملی میٹر کے دو زندہ کارتوس، مختلف کیلیبر کے 50 خالی کھوکھے اور ایک چارجر سمیت دو ریڈیو سیٹ شامل ہیں۔
سیکورٹی افسران نے بتایا کہ علاقے میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں پر قابو پانے اور امن برقرار رکھنے کے لیے ایسی مہمات مسلسل جاری رہیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن