
حیدرآباد، 14 اپریل (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ 2026 میں سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راجستھان رائلز (آر آر) کو 57 رن سے ہرا کر ان کی جیت کی لے پر بریک لگا دیا۔ اس مقابلے کے ہیرو رہے ڈیبیوٹنٹ گیند باز پرفل ہنگے اور ثاقب حسین، جنہوں نے مل کر 8 وکٹیں لیں۔
راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ایس آر ایچ نے 20 اوور میں 216/6 کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔ ایشان کشن نے شاندار 91 رن کی اننگز کھیلی، جبکہ ہینرک کلاسن نے 40 رن کا تعاون دیا۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری راجستھان کی ٹیم کا آغاز بے حد خراب رہا۔ اننگز کے پہلے ہی اوور میں پرفل ہنگے نے تین وکٹیں لے کر تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے ویبھو سوریا ونشی، دھرو جریل اور لہوان ڈرے پریٹوریئس کو آوٹ کر کے راجستھان رائلز کی کمر توڑ دی۔
اس کے بعد کپتان ریان پراگ بھی ہنگے کا شکار بنے۔ دوسری طرف سے ثاقب حسین نے بھی کمال دکھاتے ہوئے یشسوی جیسوال سمیت کل چار وکٹیں حاصل کیں۔
ایک وقت راجستھان کا اسکور 9/5 ہو گیا تھا۔ تاہم، ڈونون فریرا (69) اور رویندر جڈیجہ (45) نے 118 رن کی شراکت داری کر کے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن یہ کوشش جیت کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔
آخر میں راجستھان کی ٹیم 19 اوور میں 159 رن پر سمٹ گئی۔ ایس آر ایچ کے لیے ہنگے نے 4/34 اور ثاقب نے 4/24 کے شاندار اعداد و شمار درج کیے۔
اس جیت کے ساتھ ایس آر ایچ نے پانچ میچوں میں دوسری جیت حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر چھلانگ لگائی، جبکہ آر آر کی مسلسل جیت کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن