
لکھنو، 13 اپریل (ہ س)۔ ’’بہوجن سماج‘‘ کے مسیحا بھارت رتن بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کا آج یومِ پیدائش ہے۔ اس موقع پر ان کے پیروکار لکھنو سمیت پورے ملک میں دھوم دھام سے یومِ پیدائش منا رہے ہیں۔
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے ہندوستان میں ’’بہوجن سماج‘‘ کے مسیحا بھارت رتن بودھیستو بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کو آج ان کے یومِ پیدائش پر شت شت نمن (صد بار سلام،)، گلہائے عقیدت اور بے پناہ خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے بی ایس پی کے لوگوں کی جانب سے پورے ملک میں خود اور اپنے خاندان سمیت انہیں مکمل مشنری جذبے کے ساتھ جذباتی خراجِ عقیدت پیش کرنے پر تمام لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
بی ایس پی سربراہ نے منگل کو ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کی پوری زندگی ملک کے غریبوں، نظر انداز کردہ، استحصال زدہ طبقات اور ذات پات و جاگیرداری نظام سے متاثرہ خواتین وغیرہ سمیت ’’بہوجن سماج‘‘ کے تحفظ، وقار اور فلاح و بہبود کے لیے انتہائی سخت جدوجہد میں گزری اور بالآخر جس کی ضمانت انہوں نے آئین میں یقینی بنانے کا تاریخی کام کیا۔ وہ امر ہو گئے اور جس کے لیے ملک ہمیشہ ان کا ممنون رہے گا۔
لیکن کاش، ملک کی مرکز اور یہاں ریاستوں کے اقتدار میں رہنے والی پارٹیاں بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کے انتہائی انسان دوست، ہر طبقے کے بہبود اور بہوجنوں کی فلاح و بہبود پر مبنی آئین کے مقدس مقاصد کو حاصل کرنے میں صحیح معنوں میں کامیاب ہو پاتیں، تو ہندوستان اب تک خود کفیل، خود انحصار اور ترقی یافتہ ملک بن کر یہاں کے کروڑوں بہوجنوں کو بے پناہ غربت، بے روزگاری، ذات پات کی نفرت، استحصال اور ظلم و زیادتی وغیرہ سے نجات دلا کر مساوات اور انصاف پر مبنی زندگی ضرور دے پاتا۔
اگر ایسا نہیں ہو پایا ہے تو کیوں؟ اس کا جواب تلاش کرنے پر ملک میں بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کا ’سماجی تبدیلی اور معاشی آزادی‘ کا کارواں انتخابی کامیابی بھی حاصل کر کے اپنی منزل کی طرف ضرور آگے بڑھے گا۔ جے بھیم، جے بھارت۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن