
ممبئی ، 14 اپریل (ہ س) ممبئی کے گورےگاؤں واقع نیسکو سینٹر میں منعقدہ میوزک ایونٹ کے دوران ڈرگ اوور ڈوز کے سنگین معاملے میں گرفتار کیے گئے چھ ملزمان کو منگل کے روز مالاڈ مجسٹریٹ عدالت نے تین دن کی پولیس حراست میں بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ اس کیس میں ونرائی پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے گزشتہ رات کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا تھا اور آج صبح عدالت میں پیش کیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق 11 اپریل کو گورےگاؤں کے نیسکو سینٹر میں ایک بڑے پیمانے پر میوزک ایونٹ منعقد ہوا تھا، جس میں طلبہ سمیت دو ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے تھے۔ اس ایونٹ کے دوران مبینہ طور پر ڈرگ کی سپلائی کی گئی، جس کے نتیجے میں کئی افراد متاثر ہوئے۔
ڈرگ اوور ڈوز کے باعث دو طلبہ کو قریبی ٹراما سینٹر اسپتال اور ایک طالب علم کو لائف لائن اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان میں سے دو افراد کی پیر کے روز دورانِ علاج موت ہو گئی، جس کے بعد معاملہ مزید سنگین ہو گیا۔
واقعے کے بعد ونرائی پولیس نے میوزک ایونٹ کے منتظمین اور متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا اور چھ ملزمان — آکاش سمل، سنی جین، بالکرشن کوروپ، آنند پٹیل، پرتیک پانڈے اور رونک کھنڈیلوال — کو گرفتار کیا۔
تمام ملزمان کو عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد عدالت نے انہیں 16 اپریل تک پولیس حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
پولیس اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ایونٹ میں ڈرگ کہاں سے فراہم کیا گیا اور اس کے پیچھے کون لوگ ملوث ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے