
جموں، 14 اپریل(ہ س)۔
جموں ریلوے ڈویژن اور بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ کے درمیان بجالتہ میں ‘گتی شکتی ملٹی موڈل کارگو ٹرمینل’ کے قیام کے لیے ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس سے جموں و کشمیر میں مال برداری کے نظام کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ معاہدہ سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اچت سنگھل اور بی پی سی ایل کے نمائندے چندن چوہان کے درمیان طے پایا، جبکہ ٹرمینل رواں ماہ کے آخر تک فعال ہونے کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں بہتری آئے گی اور جموں شہر میں سڑکوں پر ٹینکرز کا دباؤ کم ہوگا، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہونے کے ساتھ کاربن اخراج میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے کے ذریعے مال برداری سڑک کے مقابلے میں کم خرچ اور زیادہ مؤثر ثابت ہوگی، جبکہ اس منصوبے سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
حکام کے مطابق ٹرمینل کی ذخیرہ گنجائش 1,09,225 کلو لیٹر ہوگی اور یہ روزانہ دو ریل گاڑیوں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کے ذریعے ماہانہ تقریباً 1,62,000 میٹرک ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جموں و کشمیر اور لداخ میں توانائی کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں خطے کے لاجسٹکس نظام کو بھی مستحکم کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر