نتیش کمار نے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا، بہار کی سیاست میں 20 سال سے زیادہ طویل نتیش دور کا خاتمہ
پٹنہ، 14 اپریل (ہ س)۔ بہار کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی آئی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تقریباً 20 سال اور 5 ماہ کا ’’نتیش دور‘‘ ختم ہو گیا ہے۔ نتیش کمار، جنہیں سوشاسن بابو کہا جاتا ہے، یکم
نتیش کمار نے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا، بہار کی سیاست میں 20 سال سے زیادہ طویل نتیش دور کا خاتمہ


پٹنہ، 14 اپریل (ہ س)۔ بہار کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی آئی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تقریباً 20 سال اور 5 ماہ کا ’’نتیش دور‘‘ ختم ہو گیا ہے۔

نتیش کمار، جنہیں سوشاسن بابو کہا جاتا ہے، یکم مارچ 1951 کو بختیار پور، پٹنہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد آنجہانی رام لکھن سنگھ ایک مجاہدی آزادی اور مشہور گاندھیائی رہنما تھے۔ انہوں نے بہار کالج آف انجینئرنگ (اب این آئی ٹی پٹنہ) سے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔ ان کی سیاسی سوچ سوشلسٹ نظریے سے متاثر تھی، جسے انھوں نے عظیم رہنماؤں رام منوہر لوہیا، جے پرکاش نارائن، اور وشواناتھ پرتاپ سنگھ کے ساتھ اپنی وابستگی کے ذریعے حاصل کیا۔

انہوں نے 1974 سے 1977 تک جاری رہنے والی جے پی تحریک میں فعال کردار ادا کیا۔ اس تحریک نے ان کے اندر سوشلزم کی مضبوط بنیاد رکھی اور انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کے لیے اس راستے کا انتخاب کیا۔

نتیش کمار 1985 میں ایک آزاد امیدوار کے طور پر بہار قانون ساز اسمبلی میں داخل ہوئے۔اپنی سیاسی قابلیت کی وجہ سے انہیں 1987 میں یووا لوک دل کا صدر مقرر کیا گیا۔ اس کے بعد 1989 میں وہ جنتا دل کے جنرل سکریٹری اور نویں لوک سبھا کے رکن بنے۔ انہوں نے باڑھ لوک سبھا حلقہ سے 1989 سے 2004 تک مسلسل کامیابی حاصل کی۔

وہ مرکزی حکومت میں بھی اہم عہدوں پر فائز رہے۔ اپنی پہلی مدت کے دوران وہ مرکزی وزیر مملکت بنے اور بعد میں 2001 سے 2004 تک ریلوے کے وزیر رہے۔

بہار کے عوام نے انہیں سات بار وزیر اعلیٰ منتخب کیا ہے۔ انہوں نے پہلی بار مارچ 2000 میں وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ اپنے دور میں انہوں نے انتظامیہ، سڑکوں، تعلیم اور امن و امان جیسے کئی شعبوں میں اصلاحات نافذ کیں، جس سے انہیں سوشاسن بابو کا خطاب ملا۔

نتیش کا نام ملک کے سینئر اور قابل ترین لیڈروں میں نمایاں طور پر شامل ہے۔ نتیش کمار کو ان کی سیاسی دیانتداری، عوامی سرگرمی اور موثر انتظامیہ کے لیے متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ ان میں فاربس کا پرسن آف دی ایئر ایوارڈ، جے پی میموریل ایوارڈ، اکنامک ٹائمز کا بزنس ریفارمر آف دی ایئر، پولیو ایریڈیکیشن چیمپئن شپ ایوارڈ، انورت سمان، اور این ڈی ٹی وی انڈین آف دی ایئر ایوارڈ شامل ہیں۔

بہار کی سیاست میں ایک الگ شناخت قائم کرنے والے نتیش کمار اب اپنے سیاسی کریئر کے اگلے مرحلے میں راجیہ سبھا یعنی ایوان بالا راجیہ سبھا کے ذریعے ایک نیا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے استعفیٰ کو ریاستی سیاست میں ایک نئے باب کے آغاز کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan


 rajesh pande