
پٹنہ، 14 اپریل (ہ س)۔ بہار کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت منگل کے روز اس وقت ہوئی جب وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں موجودہ حکومت کو تحلیل کرنے کا فیصلہ ہوا۔ کابینہ نے تقریباً 20 منٹ کی میٹنگ میں اس تجویز کو متفقہ طور پر منظور کیا، جس سے حکومت کے باضابطہ خاتمے کی راہ ہموار ہو گئی۔
کابینہ کی میٹنگ کے دوران وزراء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جذباتی طور پر اعلان کیا کہ وہ دہلی جا رہے ہیں لیکن وہاں سے ریاست کی صورتحال پر نظر رکھیں گے۔ انہوں نے تمام وزراء سے اپنے پیار اور تشکر کا اظہار کیا۔ اس کے بعد انہوں نے کابینہ تحلیل کرنے کا اعلان کیا ،جس سے اجلاس میں جذباتی ماحول پیدا ہوگیا ۔
میٹنگ کے بعد وزیر لکھیندر پاسوان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اسے ایک جذباتی لمحہ قرار دیا اور تمام وزراء کو اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہار کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے اہم کوششیں کی ہیں، اور اب اسے آگے لے جانا ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔
وہیں وزیر رام کرپال یادو نے کہا کہ یہ لمحہ جذباتی تھا، اور وزیر اعلیٰ نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے تقریباً 20 سال تک ریاست کی ترقی کے لیے کام کیا ہے، اور اب وہ گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کرنے والے ہیں۔
وزیر لیسی سنگھ نے بھی اسے ایک قابل فخر اور جذباتی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے عرصے تک ایسے لیڈر کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ہے۔
کابینہ تحلیل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار آج 3:15 بجے گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔ دریں اثناء بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی آج قانون ساز پارٹی کا اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں شیوراج سنگھ چوہان مرکزی مبصر کے طور پر شرکت کریں گے۔ پارٹی کے قومی صدر نتن نوین کے بھی پٹنہ پہنچنے کی خبر ہے۔
نئی حکومت کی تشکیل اور ممکنہ حلف برداری کی تقریب کے لیے سیاسی حلقوں میں اب تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan