
چنئی، 14 اپریل (ہ س)۔
صحت، خاندانی بہبود، کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا نے منگل کو یہاں کہا کہ دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) ایک خاندان پر مبنی پارٹی ہے جس کی حکمرانی کے تحت چنئی ثقافتی دارالحکومت سے ’کرائم کیپٹل‘ میں تبدیل ہو رہا ہے جو پورے ملک کے لیے تشویشناک ہے۔
مسٹر نڈا نے پوتھنڈو (تمل نیا سال) اور ڈاکٹر بھیم راو¿ امبیڈکر کے 135 ویں یوم پیدائش کے موقع پر تمل ناڈو اسمبلی انتخابات 2026 کے لیے اپنے ویژن دستاویز ’کمل کے وعدے 2026‘ کو جاری کرنے کے بعد تمل ناڈو کے دارالحکومت میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ریاست کی موجودہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے حکمراں ڈی ایم کے حکومت پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا،’ہم ہندوستانیوں کو تمل ناڈو پر بہت فخر ہے کیونکہ یہ دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک کی جائے پیدائش ہے، لیکن موجودہ ڈی ایم کے حکومت کے دور میں یہ ثقافتی دارالحکومت 'جرائم کی راجدھانی' میں تبدیل ہو رہا ہے، جو کہ ایک سنگین تشویش کی بات ہے۔‘
مسٹر نڈا نے کہا کہ جب وہ خاندان کے بارے میں بات کرتے ہیں تو یہ ایک خاندانی جماعت ہے جس میں اسٹالن سرفہرست ہیں، ادھیانیدھی جانشین ہیں، اور کنی موزی ساتھی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا، ’کیا اس طرح پارٹی چلائی جاتی ہے؟ یہ خاندانی راج ہے۔ ڈی ایم کے نے خواتین، نوجوانوں اور سماج کے پسماندہ طبقات کے اعتماد کو دھوکہ دیا ہے۔‘
منشور کے اجراءکے دوران پوتھنڈو کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ اس مبارک موقع پر تمل ناڈو میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہونا بہت خوشی کی بات ہے۔ دعا ہے کہ یہ نیا سال آپ سب کے لیے خوشیاں، خوشحالی اور اچھی صحت لے کر آئے۔بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راو¿ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، شری نڈا نے کہا کہ قانون اور سماجی انصاف کے میدان میں ان کی منفرد شراکت ہمیں متاثر کرتی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan